اسلام آباد‘ سپیشل جج سنٹرل نے رشوت خوری میں گرفتار تحصیل دار کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری منظور کر لی

جمعہ 22 مئی 2015 20:39

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22مئی۔2015ء ) سپیشل جج سنٹرل چوہدری نظیر احمد نے رشوت کے الزام میں گرفتار تحصیل دار چوہدری محمد نواز کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری منظور کر لی ۔

(جاری ہے)

جمعہ کو عدالت نے ملزم کی جانب سے دائر درخواست ضمانت بعد از گرفتاری کی سماعت کی تو درخواست گزار کی جانب سے چوہدری عبدالخالق تھہند ایڈوکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ مبینہ طور پر غیر قانونی پلاٹ الاٹ کرنے کا معاملہ 1993ء میں پیش آیا جبکہ ملزم کی تعیناتی 2010ء میں عمل میں آئی تھی ملزم کا پلاٹ کی ٹرانسفر سے کسی قسم کا کوئی تعلق نہیں ہے جس پر عدالت نے وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف ،آئی ،اے )کی سرزنش کرتے ہوئے ملزم کی درخواست ضمانت منظور کر لی ۔

واضح رہے کہ ایف ،آئی ،اے نے مشہور زمانہ کالا خان کیس میں 15ہزار روپے رشوت لیکر جعلی طور پر پلاٹ الاٹ کرنے کے الزام میں تحصیلدار چوہدری محمد نواز کے خلاف مقدمہ درج کرکے کاروائی شروع کی تھی ۔