پی ٹی آئی کی حکومت زمینی حقائق کے برعکس اپنی دنیا میں گم ہے،سکندرشیرپاؤ

ایک طرف وفاقی حکومت پختونوں کو نظر انداز کر رہی ہے تو دوسری طرف صوبائی حکومت صحیح معنوں میں ترجمانی نہیں کر رہی

جمعہ 22 مئی 2015 20:29

پشاور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22مئی۔2015ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندرحیات خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت زمینی حقائق کے برعکس اپنی دنیا میں گم ہے اور انھیں سب اچھا نظر آرہا ہے جبکہ بظاہر خیبر پختونخوا اور یہاں کے عوام کو امن و امان،بے روزگاری وپسماندگی اور لاقانونیت کی بدترین صورتحال کے علاوہ 18,18گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ اورتعلیم وصحت کے بنیادی سہولیات کے نہ ہونے کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامناہے۔

ایک طرف وفاقی حکومت پختونوں کو نظر انداز کر رہی ہے تو دوسری طرف صوبائی حکومت ان کی صحیح معنوں میں ترجمانی نہیں کر رہی ہے یہی وجہ ہے کہ صوبہ اور پختون مسائل کے گرداب میں پھنس چکے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعہ کے روزقلعہ کس کورونہ ورسک پی کے 7پشاورمیں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

سکندر شیرپاؤ نے کہا کہ مرکزی حکومت کی عدم توجہی اور صوبائی حکومت کی نااہلی کی وجہ سے صوبہ اور پختون سنگین حالات سے گزر رہے ہیں اور انھیں گوں ناگوں مسائل و مشکلات کا سامنا ہے ۔

انھوں نے کہا کہ پختونوں کے مسائل کو محض جذباتی نعروں کے ذریعے حل نہیں کیا جا سکتااس کے لئے مضبوط قوت ارادی اور مخلص قیادت کی ضرورت ہے جو پی ٹی آئی میں موجود نہیں۔ انھوں نے کہا کہ اب نعروں اور کھوکھلے وعدوں کا وقت گزر چکا ہے اور عوام جانتے ہیں ان کی ترجمانی کی اہل جماعت کونسی ہے۔انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی صوبہ اور پختونوں کے حقوق کی ضامن ہے اور اس سلسلے میں کسی کو پختونوں کے حقوق غصب کرنے نہیں دے گی۔

انھوں نے آنے والے بلدیاتی انتخابات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ 30مئی کا دن انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اس دن عوام پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنی رائے دہی ان جماعتوں کے امیدواروں کے حق میں استعمال کرے جو حقیقی معنوں میں ان کی خدمت کر سکے کیونکہ اس سے ہمارے بچوں کی خوشحالی اورترقی وابستہ ہے لہٰذا قومی ترقی کے جذبہ سے سرشار امیدواروں کو کامیاب کرایا جائیں۔

انھوں نے مطالبہ کیا کہ ورسک کے مکینوں کو لوڈشیڈنگ میں ریلیف کے ساتھ ساتھ تمام بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں کیونکہ ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے ان کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ اس موقع پر اے این پی،جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کے سرکردہ کارکنوں حمیداﷲ،حاجی زاہد خان،حاجی ظہور خان،صادق خان،تلاوت خان،افتخار خان،شہسوارخان،جمیل خان،ارشد خان،ادریس خان،حظیفہ اورروید خان نے اپنے سینکڑوں ساتھیوں اورخاندانوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔