شیخ محمدی گرڈ سٹیشن میں 12 کروڑر وپے کی لاگت سے پاور ٹرانسفارمر کی تنصیب کا افتتاح ہوگیا

وزیر اعظم کی مثبت پالیسیوں سے چین کی جانب سے 46 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے ترقی کے دروازے کھل جائینگے،ناصر موسیٰ زئی

جمعہ 22 مئی 2015 20:26

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22مئی۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات ناصر خان موسیٰ زئی نے شیخ محمدی گرڈ سٹیشن میں 12 کروڑر وپے کی لاگت سے پاور ٹرانسفارمر کی تنصیب کا افتتاح کر دیا ‘ جس سے یونین کونسل شیخ محمدی‘ ماشوگگر‘ سلمان خیل اور شیخ محمدی سمیت دیگر علاقوں کے عوام کو گزشتہ 15 سال سے بجلی کے حوالے سے درپیش مسائل میں کمی آئے گی‘ اس سلسلے میں گزشتہ روز شیخ محمدی گرڈ سٹیشن میں پاور ٹرانسفارمر کی تنصیب کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی ‘ جس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات ناصر خان موسیٰ زئی‘ حاجی صفت اﷲ اور دیگر رہنماؤں و مسلم لیگ (ن) کے ورکروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی‘ اس موقع پر ناصر خان موسیٰ زئی نے 12 کروڑ روپے کی لاگت سے نصب پاور ٹرانسفارمر کا افتتاح کیا‘ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ناصر خان موسیٰ زئی نے کہا کہ گزشتہ 15 سال سے یونین کونسل شیخان ‘ ماشوگگر‘ سلمان خیل ‘ شیخ محمدی اور ملحقہ علاقوں کے عوام کو بجلی کے حوالے سے مسائل کا سامنا تھا تاہم کسی بھی منتخب نمائندے نے اس جانب توجہ نہیں دی‘ تبدیلی کے دعویدار بھی یہاں ناکام رہے تاہم میری کوششوں سے 12 کروڑ روپے کی لاگت سے پاور ٹرانسفارمر آچکا ہے جس سے عوام کے مسائل حل ہونگے‘ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور اس جذبے کے تحت ملک بھر کے عوام کی تقدیر بدلنے کیلئے کوشاں ہیں ‘ وزیر اعظم میاں نواز شریف کی مثبت پالیسیوں سے چین کی جانب سے 46 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے ترقی کے دروازے کھل جائیں گے‘ توانائی کے منصوبوں کی تکمیل سے بجلی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوگا‘ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں عوام مسلم لیگ (ن) کو کامیاب کرائیں تاکہ پسماندہ علاقوں میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو کیونکہ پاکستان تحریک انصاف کے وزراء خاص کر شاہ فرمان اپنے حلقے میں عوامی حمایت حاصل کرنے کیلئے مرغی کے انڈے بانٹ رہے ہیں ‘ انہیں عوام نے مسائل کے حل کرنے ‘ بجلی اور گیس دینے کیلئے ووٹ دیا تھا نہ کہ مرغی کے انڈوں پر ٹرخانے کیلئے ‘ انہوں نے کہاکہ بلدیاتی الیکشن کی مہم کے دوران مرغی کے انڈوں کی تقسیم الیکشن کمیشن کے قوانین کی خلاف ورزی ہے ‘ الیکشن کمیشن فوری نوٹس لے‘ انہوں نے کہا کہ پشاور کے عوام باشعور ہو چکے ہیں اور انہیں مرغی کے انڈے بانٹ کر بے وقوف نہیں بنایا جا سکتا‘ 30 مئی کا سورج مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کی نوید لے کر طلوع ہو گا اور تحریک انصاف کو اپنی حیثیت کا پتہ چل جائے گا۔

متعلقہ عنوان :