محمد مرسی اوراخوان قیادت کو سزائے موت دینے کے خلاف جماعت اسلامی سندھ کے تحت سندھ بھر میں احتجاجی مظاہرے

اخوان قیادت کو سزائے موت انصاف کا قتل ہے، فلسطینیوں کی مدد،توہین رسالت کے مجرموں کو للکارنے کی سزا دی جارہی ہے،مقررین

جمعہ 22 مئی 2015 20:17

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22مئی۔2015ء ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر مصر کے پہلے منتخب جمہوری صدر محمد مرسی کو سزائے موت سنائے جانے والے فیصلے کیخلاف جمعہ22مئی کو کراچی سمیت پورے صوبہ میں یوم احتجاج منایا گیا۔ صوبائی مطابق اس سلسلے میں کراچی، سکھر، حیدرآباد، میرپور خاص شکارپور، ٹھٹہ، بدین سمیت کئی شہروں میں ا حتجاجی مظاہرے، علماء کرام جمعہ کے خطبات میں مصر کی فوجی حکومت کے اس ظالمانہ فیصلے کیخلاف تقاریر اور قراردادیں منظورکی گئیں۔

مرکزی جنرل سیکریٹری لیاقت بلوچ کراچی،ممتاز حسین سہتو ٹھٹہ، عبدالوحید قریشی حیدرآباد،محمد عظیم بلوچ بدین،علامہ حزب اﷲ جکھرو سکھر، عبدالحفیط بجارانی لاڑکانہ،عبدالفتاح سہندڑو شکارپور اور افضال آرائیں نے میرپور خاص میں جمعہ کو ہونے والے مظاہروں کی قیادت کی۔

(جاری ہے)

مظاہرین نے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر جنرل سیسی اور مصری کٹھ پتلی ججز کیخلاف نعرے درج تھے،اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ مصر کے پہلے جمہوری وعوامی صدر ڈاکٹر مرسی کو سزائے موت انصاف کا قتل ہے۔

انہیں جنرل سیسی کی نام نہاد کٹھ پتلی عدالت نے اس لئے سزا سنائی ہے کیونکہ محمد مرسی نے اسرائیل سے سابقہ تمام معاہدوں کو ختم کرنے، حماس کی مدد اور فلسطین کی آزاد ریاست کے قیام کیلئے اپنی کوششیں تیز جبکہ مشرق وسطیٰ میں اسرائیلی اور امریکی ریشہ دوانیوں، سازشوں کیخلاف مورچہ زن ہوکر جدوجہد کو تیز کیا اور نبی مہربان ؐ کی توہین کے مسلسل واقعات کیخلاف امت کی ترجمانی کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے عالمی فورم پر یہ اعلان کیا تھا کہ ’’جو ہمارے نبیؐ کا دشمن ہے وہ ہمارا دشمن ہے‘‘جس کے بعد مصر کی تمام لبرل اور سکیولر قوتوں کو محمد البرادعی، اور امر موسیٰ کی شکل میں اکٹھا کرکے تحریر اسکوائر پر مظاہروں کی صورت میں ایک بھیانک سازش کی گئی جس میں امریکہ سمیت عرب بادشاہتیں اور مصری فوج بھی شامل تھی۔

ٹھٹہ : پریس کلب کے سامنے جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری اور ضلعی امیر الطاف احمد ملاح کی قیادت میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز حسین سہتو نے کہا کہ مرسی کیخلاف ہونے والی سازش میں عالم کفر کی طاقتیں اور عرب بادشاہتوں نے بھرپور کردار ادا کیا ہے، مصر عوام کے بھاری مینڈیٹ سے منتخب کردہ پہلے جمہوری اور آئینی صدر کو معزول کرکے سب سے بڑی سیاسی قوت کی تمام قیادت اور کارکنان کو جیلوں میں ٹھونس کر مصری فوج اور باطل قوتوں نے ایک بار پھر معرکہ حق وباطل کو برپا اور اسلام کے نام لیوا مسلمانوں کیلئے زمین تنگ کرکے رکھ دی ہے،محمد مرسی اور اخوان قیادت کو کٹھ پتلی سیسی کی عدالتوں کے ذریعے پھانسی دینے کا فیصلہ دراصل ووٹ کاتقدس پامال، جمہوریت کی پھانسی اور پوری عرب دنیا میں پرتشدد تحریکوں کا آغاز ہوگا جو کہ مشرق وسطیٰ اورمصر کے عوام کیخلاف بہت بڑی سازش ہے۔

اسلامی دنیا کی جمہوری اور سیاسی مذہبی جماعتوں کو دیوار سے لگانا اور انہیں پرتشدد راستے پر ڈال کر ان کیخلاف فوجی آپریشن کرنا امریکہ اور اس کے حواریوں کی دیرینہ خواہش ہے جس کو اسلامی تحریکیں کبھی پورا نہیں ہونے دیں گی۔حیدرآباد: دفترجماعت اسلامی اسٹیشن روڈ پرنمازجمعہ کے بعدصدرمرسی اور ان کے ساتھیوں کوسزائیں سنائے جانے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت جماعت اسلامی سندھ کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری عبدالوحیدقریشی ،امیرجماعت اسلامی حیدرآبادحافظ طاہرمجیداور جنرل سیکریٹری ڈاکٹرسیف الرحمن نے کی ۔

عبدالوحیدقریشی نے کہاکہ امریکہ ،یورپ اور اسرائیل کے نزدیک اسلام کی بات کرناجرم ہے یہی جرم مصرمیں صدرمرسی اور ان کے منتخب ساتھیوں نے کیاہے مصرکے منتخب صدر کوسزائے موت سنانااسلام کوروکنے کی سازش ہے امریکہ جوچاہے کرلے اسلام حق ہے اور حق غالب آکر رہے گاجنرل سیسی کاسجایاہواظلم وستم کابازارجلدختم ہونے والاہے ۔حافظ طاہرمجیدنے کہاکہ مصر کے ڈکٹیٹر جنرل سیسی نے پھانسی کی سزاصدرمرسی کونہیں جمہوریت کودی ہے آمریت اور جمہوریت کے لیے امریکہ نے دوہرامعیاراپنایاہواہے آج صدرمرسی جیسے منتخب مصری صدر کی پھانسی کوروکانہ گیاتوکل یہی پھندے سب کے لیے تیارہوں گے ،نوازشریف صاحب اور زردار ی صاحب کواس سے سبق سیکھناچاہیے ۔

سکھر: جماعت اسلامی ضلع سکھر کے زیر اہتمام سکھر پریس کلب پر مصر کے منتخب صدر محمد مْرسی، اخوان المسلمین کے سربراہ ڈاکٹر بدیع، ڈاکٹر یوسف القرضاوی کو پھانسی کی سزا دینے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت جماعت اسلامی ضلع سکھر کے امیر و ملی یکجہتی کونسل صوبہ سندھ کے نائب صدر علامہ حزب اﷲ جکھرو نے کی مظاہرین نعرے لگا رہے تھے،باطل باطل، سیسی باطل،حکم العسکر، باطل باطل،نحن نْحب المْرسی،۔

اس موقع پر خطاب کرتے پوئے حزب اﷲ جکھرو، مسعود علی خان غلام غوث غازی، سہیل قریشی، سلطان لاشاری نے کہا کے مصر کے منتخب صدر کو پھانسی کی سزا مسلم حکمرانوں کے لئے لمحہ فکریہ ہے، عالم اسلام سراپا احتجاج ہے فوری طور پر صدر مْرسی اور انکے 500 سے زائد انکے حامیوں کو دی گئی سزا ختم کردی جائے۔ جماعت اسلامی مسلم امت کی ترجمان ہے، اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل فوری طور پر مصر کے ڈکٹیٹر سیسی کے خلاف کار وائی کرے اور دنیا میں امن بحال کرائے۔

امریکا کی پالیسی مسلمانوں کے لئے ایک ہے اور غیر مسلموں کے لئے دوسری ہے، اس منافقت کو ختم کیا جائے اور مصر کی جائز حکومت اور اسکے منتخب صدر کو بحال کیا جائے، پاکستان کے عوام اخوان المسلمین کے ساتھ ہیں، مصر کے جابر ڈکٹیٹر نمک حرام سیسی فرعون کی طرح اپنے انجام کو پہنچے گا، موسا کا لشکر غالب ہوگا۔ جماعت اسلامی نے ملک کے کونے کونے میں امت مسلمہ کے بہادر رہنماؤں کے لئے آج اہتجاج کر کہ ثابت کردیا ہے کہ امت مسلمہ جسد واحد کی طرح ہے، دنیا مین جہاں ظلم ہوگا جماعت اسلامی ظالم کے خلاف اور مظلوموں کے ساتھ ہوگی، انہوں نے مسلمان حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ وہ مصر کی نا جائز حکومت سے سفارتی تعلقات ختم کریں اور اخوان المسلمین کی حکومت کی بحالی کے لئے اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں۔

شکارپور: میں مسجد فرقانیہ ہال سے لکھی در تک ضلعی امیر عبدالفتاح سہندڑو، قیم عبدالسمیع شمس بھٹی اور امیر شہر پروفیسر امام بخش عاصم کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ جمہوریت کو بحال کرنے اور محمد مرسی ،اخوان المسلمون کی قیادت کو آمریت کا طعنہ دینے والی نام نہاد لبرل اور سیکولر قوتیں پوری مصر کو اخوان السلمون کی قیادت اور کارکنان کیلئے مقتل گاہ بنانے پر آخر کیوں خاموش ہیں، آج اخوان المسلمون کو دیوار سے لگانے کیلئے پوری قیادت اور مرد وخواتین کارکنان پر جھوٹے مقدمات قائم کرکے جیلوں میں بند کرکے جانوروں جیسا سلوک اورمصری فرعون کے جانشین آمر سیسی کی فوج اور وحشی پولیس افسران کی جانب سے خواتین وبچوں کا جنسی استحصال کرنے والے انسانیت سوز مظالم پر انسانی حقوق اور عالمی امن وانصاف کے علمبردارکیوں خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، اخوان کو ختم کرنے کا خواب دیکھنے والے خود ختم ہوجائیں گے لیکن انشااﷲ اخوان المسلمون اور اسلامی تحاریک کے نام لیوا کارکنان جو دین اسلام کی خاطر لازوال قربانیاں دیکر تاریخ رقم کررہے ہیں وہ تا قیامت زندہ وجاوید رہیں گے۔