کورکمانڈر کراچی کی گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ سے الگ الگ ملاقات ، اپیکس کمیٹیوں کے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ

ملاقات میں سانحہ صفورا کے ملزمان کی گرفتاری پر اظہار اطمینان ،وزیراعلیٰ سندھ کو مبارکباد ،ٹارگٹڈ آپریشن بلاامتیاز جاری رکھنے پر اتفاق

جمعہ 22 مئی 2015 20:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22مئی۔2015ء ) کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے جمعہ کو گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان اور وزیر اعلیٰ سندھ سے الگ الگ ملاقات کی ہے ۔ترجمان گورنر ہاؤس کے مطابق گورنر ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں اپیکس کمیٹیوں کے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا اور اپیکس کمیٹی کے فیصلوں پر تیزی سے عملدرآمد کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا ۔

(جاری ہے)

ملاقات میں سانحہ صفورا کے ملزمان کی گرفتاری پر اظہار اطمینان کیا گیا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ٹارگیٹڈ آپریشن کو بلاامتیاز جاری رکھنے کے ساتھ ساتھ اس میں مزید تیزی لائی جائے گی ۔قبل ازیں کورکمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے بھی ملاقات کی ۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں کراچی میں امن و امان کی صورت حال اور جاری ٹارگیٹڈ آپریشن پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ قیام امن کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی بلاتفریق جاری رکھی جائے گی ۔

کور کمانڈر کراچی نے سانحہ صفورا گوٹھ کے ملزمان کی گرفتاری پر سندھ پولیس کی کارکردگی کی تعریف کی اور وزیراعلیٰ سندھ کو مبارکباد دی ۔

متعلقہ عنوان :