وزیراعلیٰ کا ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ کے تحت بننے والی سڑکوں کی دیکھ بھال کیلئے اتھارٹی بنانے کا اعلان

گزشتہ دور آمریت میں قومی وسائل کو بے دردی سے لوٹا گیآ، جس کا خمیازہ قوم کو آج تک بھگتنا پڑ رہا ہے‘ محمد شہبازشریف ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ میں کام کے معیار میں غفلت برتنے والے اور ناقص کارکردگی دکھانے والے کو نتائج بھگتنا پڑیں گے‘ وزیر اعلیٰ پنجاب کامحکمہ تعمیرات و مواصلات کے انجینئرزکی کانفرنس سے خطاب

جمعہ 22 مئی 2015 20:07

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22مئی۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب کے دیہی علاقوں کی ترقی و خوشحالی کیلئے مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ پر عملدر آمد کا آغاز کردیا ہے ،جس پر رواں برس 15ارب روپے کی رقم خرچ کی جارہی ہے جبکہ آئندہ تین برس کے دوران اس عظیم پروگرام پر 150ارب روپے صرف کیے جائیں گے جس سے پنجاب کے دیہی علاقوں کی تمام سڑکوں کو تعمیر وبحال کیا جائے گا،اس پروگرام کے تحت بننے والی سڑکیں کارپٹڈ ہوں گی اوران کی چوڑائی 12فٹ رکھی گئی ہے جبکہ شولڈرز بھی بنیں گے، ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ سے دیہات کی معیشت اور عام آدمی کی زندگی میں مثبت تبدیلی آئے گی اور یہ عظیم الشان ترقیاتی پروگرام دیہات کے باسیوں کو روز گار کے مواقع فراہم اور ان کے دلوں میں ترقی کا نیا جذبہ اجاگر کرے گا، جس کے باعث یہات کی زندگی میں خوشحالی کا انقلاب برپا ہو گا،دیہی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے اس عظیم پروگرام پر شفافیت، معیار اور برق رفتاری سے عملدرآمد کیلئے محکمہ تعمیرات و مواصلات اور تمام متعلقہ محکموں کواپنی نیک نیتی اور حب الوطنی کے جذبے سے کام کرنا ہو گا، بہترین کارکردگی دکھانے والوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی اور شفافیت، معیار اور تیز رفتاری پر سمجھوتہ نہ کرتے ہوئے بہترین کام کرنیوالوں کوتعریفی اسناد اور نقد انعامات بھی دیئے جائیں گے،پروگرام پر کام کرنیوالے ٹھیکیداروں کے مزدوروں کو اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر بونس نھی دیں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ پنجاب نے محکمہ تعمیرات و مواصلات کے انجینئرزکی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کام کے معیار میں غفلت برتنے والے اور ناقص کارکردگی دکھانے والے کو نتائج بھگتنا پڑیں گے۔ محکمہ تعمیرات و مواصلات کے ساتھ نیا سماجی معاہدہ کرنے کیلئے تیار ہوں تاہم محکمہ تعمیرات و مواصلات اور تمام متعلقہ محکموں کو عوام کی خدمت کیلئے قومی خدمت کے جذبے سے سر شار ہو کر اپنے شب و روز ایک کرنا ہوں گے۔

پنجاب حکومت کا ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ملکی اوربالخصوص دیہی معیشت کی بہتری کیلئے ایک عظیم اور شاندار سنگ میل ثابت ہو گا۔ جس کے تحت دیہاتوں میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے ساتھ ساتھ نئی سڑکوں کا جال بھی بچھایا جائے گا۔ وسائل قوم کی امانت ہیں اور اس میں خیانت کسی صور ت برداشت نہیں ہوگی۔پنجاب حکومت نے صوبے میں وسائل کے درست اور شفاف استعمال کو ہر صورت یقینی بنایا ہے۔

قوم کے پیسے کو ضائع نہیں ہونے دیں گے۔ قوم کے روپے اور قیمتی وسائل کا غلط استعمال کرنیوالے کا احتساب ہو گا۔وہ ’’خادم پنجاب دیہی روڈ زپروگرام‘‘ پر عملدرآمد کے حوالے سے محکمہ تعمیرات و مواصلات کے انجینئر ز کی کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دور آمریت میں قوم کے وسائل کو بے دردی سے لوٹا گیا، ترقیاتی منصوبو ں کے نام پر ایسی لوٹ مار کی گئی جس کا خمیازہ قوم کو آج تک بھگتنا پڑ رہا ہے۔

’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ دیہات میں بسنے والی 70 فیصد آبادی کی فلاح وبہبود کیلئے مرتب کیا گیا ہے۔ اس پروگرام سے نہ صرف پنجاب بلکہ پاکستان کی معیشت مضبوط ہوگی اور ملک کا ترقی کی جانب سفر مزید آسان ہو جائے گا۔ ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ کے تحت تعمیر و مرمت اور بننے والی سڑکوں کی دیکھ بھال کو یقینی بنانے کے لئے مستقل اتھارٹی بنائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ کے تحت کام کرنیوالے مزدوروں اور ٹھیکداروں میں اعلیٰ کارکردی کا مظاہرہ کرنے پر انعامات تقسیم کرنے کیلئے ہر چھ ماہ بعد ایک تقریب کا انعقاد کیا کرے گی۔ جس سے ٹھیکداروں اور مزدوروں میں نیک نیتی اور جانفشانی سے کام کرنے کا جذبہ مزید اجاگر ہو گا اور وہ قوم کے روپے اور وسائل کا بہتر اور درست استعمال یقینی بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس کی دھرنوں کی سیاست نے ملک کا اس قدر نقصان کیا ہے جس کا خمیازہ قوم کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ دھرنوں نے ایسی تباہی کی ہے کہ ہماری نسلوں کو بھی اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ دھرنوں نے ملک کی ترقی کے منصوبوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے اور اس کے باعث عوامی فلاح اور ملکی ترقی کے کئی بڑے منصوبے تاخیر کا شکار بنے ہیں۔انہوں نے کہا کہ محنت ، عزم اور ملکی ترقی کے جذبے سے سر شار ہو کر کام اور ملکی روپے اور وسائل کا درست استعمال ہی اس تاخیر کا ازالہ کر سکتا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ میں امید رکھتا ہوں کہ محکمہ تعمیرات و مواصلات اور تمام متعلقہ محکموں کے انجینئرز، افسران اور اہلکاران ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ پر عملدرآمد کے حوالے سے چیلنج کو قبول کرتے ہوئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں گے۔نیک نیتی اور جانفشانی کے ساتھ کام کر کے قوم کی توقعات پر پورا اتریں گے اور منصوبے کو شفافیت، معیار اور تیز رفتاری سے مکمل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ تعمیرات و مواصلات کے انجینئرز کے جائز مطالبات بھی پورے کئے جائیں گے۔ اس مقصد کیلئے اعلیٰ سطحی کمیٹی بنائی جائے گی جس میں محکمہ تعمیرات و مواصلات کے نمائندے بھی شامل ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک کی ترقی کا سفر تیزی سے طے کرنے کیلئے اختیارات کیساتھ احتساب کا عمل بھی ضروری ہے۔ احتساب کے بغیر معاشرہ ترقی کے سفر پر گامزن نہیں رہ سکتا۔

انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت سڑکوں کا معیار ایسا رکھا جائے گا جو آئندہ 25برس تک ٹوٹ پھوٹ کا شکار نہ ہوں اور تعمیراتی میٹریل کے معیار کو جانچنے اور ان کی پڑتال کیلئے ٹیسٹنگ لیبارٹریاں بھی بنائی جائیں گی جنہیں آؤٹ سورس کیا جائے گا۔منصوبے کی شفاف اور بر وقت تکمیل کیلئے محکمہ تعمیرات و مواصلات کو بھی اپنے اندر موجود خرابیوں کو دور کرنا ہو گا۔ اور خود کوجدید تقاضوں کے مطابق ڈھالنا ہو گا۔میں اس ضمن میں محکمے کے ساتھ نیا سماجی معاہدہ کرنے کیلئے تیار ہوں تاہم انہیں نتائج بھی دینا ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :