پی بی آئی ایف کاگیس سیس کے بعد پٹرول اور بجلی کی قیمت میں اضافہ کے فیصلہ پر اظہارتشویش

عوام اور بزنس کمیونٹی پر ناقابل برداشت بوجھ پڑے گا، ترقی کا عمل رک جائیگا،غربت میں کمی کیلئے پٹرولیم پراڈکٹس پر ٹیکس کی شرح کم کی جائے،درآمدی ایندھن کی قیمت کم ہونے کے مثبت اثرات ملک کے ہر شہری پر پڑینگے، پی بی آئی ایف کے صدرکابیان

جمعہ 22 مئی 2015 19:55

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22مئی۔2015ء ) پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فورم (پی بی آئی ایف) کے صدراور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ جی آئی ڈی سی کے بعد پٹرول ، بجلی کی قیمت میں اضافہ کی اطلاعات پر تشویش ہیں کیونکہ اس سے عوام اور صنعت پر ناقابل برداشت بوجھ پڑے گا جبکہ شرح نمو میں اضافہ کی کوششیں رائیگاں چلی جائینگی۔

حکومت نے پٹرولیم مصنوعات پر عوام کو ریلیف دیا جس سے اسکی مقبولیت میں اضافہ ہوجس کا ثبوت ملتا ن کے الیکشن کا نتیجہ ہے۔ حکومت غربت میں کمی کیلئے گیس، پٹرول اور بجلی کی قیمت میں اضافہ کرنے کے بجائے ٹیکس نیٹ پھیلائے اور اشیائے تعیش پر ٹیکس بڑھائے۔ پٹرولیم پراڈکٹس کی قیمت بڑھانے کے بجائے ٹیکس میں کمی سے انکی قیمت کم کی جائے جس کا مثبت اثر معاشرے اور معیشت کے ہر شعبے پر پڑے گا۔

(جاری ہے)

میاں زاہد حسین نے یہ بات کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انھوں نے کہا کہ بجٹ کا تقریباً ایک تہائی پٹرولیم مصنوعات پر عائد ٹیکسوں سے جمع کیا جاتا ہے کیونکہ پاکستان میں ٹیکس کا کلچر فروغ نہیں پا سکا ہے۔ پٹرول کی درامد ی قیمت 44.32 روپے ہے جس میں آئل مارکیٹنگ کمپنی اور ڈیلرکے مارجن اور فریٹ ایکولائیزیشن وغیرہ کے چند روپے کے علاوہ سترہ فیصد سیلز ٹیکس، کسٹم ڈیوٹی اور ڈویلپمنٹ لیوی وغیرہ عائد کرنے کے بعد اسکی ریٹیل قیمت 74.50 روپے ہو جاتی ہے۔

اسی طرح ایچ او بی سی 54.23 روپے میں درامد ہو کر 81.00 روپے میں فروخت ہوتا ہے۔ مٹی کا تیل 44.76 روپے سے بڑھ کر 62.00 روپے، ڈیزل 45.55 روپے میں درامد ہو کر عوام کو 84.00 روپے کا ملتا ہے جبکہ لائیٹ ڈیزل 44.04 روپے میں درامد ہو کر 58.50 روپے میں بکتا ہے۔ ڈیزل کی بڑھی ہوئی قیمت کا سبب سترہ فیصد کے بجائے 27 فیصد سیلز ٹیکس ہے۔ اگر زراعت سمیت ہر قسم کی آمدنی پر ٹیکس عائد کیا جائے اور ٹیکس ایڈمنیسٹریشن کو بہتر بنایا جائے تو حکومت کیلئے پٹرولیم کی قیمتیں کم کرنا دشوار نہیں رہے گا جسکا فائدہ بیس کروڑ عوام کو ہو گا۔

متعلقہ عنوان :