انسداد ِڈینگی لاروا کا جامع پلان تیار کیا جائے،انسدادِ ڈینگی رابطہ سیل کے اجلاس میں ضروری اقدامات پر غور

جمعہ 22 مئی 2015 19:47

راولپنڈی۔22مئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22مئی۔2015ء) پارلیمانی سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ و کیبنٹ ڈویژن راجہ جاوید اخلاص نے کہا ہے کہ اسلام آباد اور مضافاتی علاقوں میں انسدادِ ڈینگی کی کاوشوں کو مربوط بنانے کے لئے تمام متعلقہ ادارے عوامی آگاہی، احتیاطی تدابیر اور لاروا کی تلفی کے اقدمات یقینی بنائیں اور راولپنڈی کی طرح اسلام آباد کی انتظامیہ سی ڈی اے اور کیڈ ڈویژن کے اشتراک سے ڈینگی کے تداراک کا ماسٹر پلان ترتیب دیا جائے۔

تمام تعلیمی اداروں میں زیرو پریڈ کے دوران طلباء و طالبات کو ڈینگی سے بچاؤ کے تدابیر سے آگاہ کیا جائے۔ سوشل موبلائزیشن کے ذریعے ڈینگی کے خطرے سے نمٹنے کی حفاظتی تدابیر عام کی جائیں۔ یہ بات انہوں نے جمعتہ المبارک کو انسدادِ ڈینگی رابطہ سیل کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ملک ابرار احمد ایم این اے، ایڈیشنل سیکرٹری کیڈ قیصر مجید، ڈاکٹر مجیب درانی، ڈاکٹر ممتار علی خان، آمنہ طارق، ڈاکٹر زاہد حسین، ڈاکٹر خالد لودھی، ڈاکٹر تنویر افسر اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

راجہ جاوید اخلاص نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں قائم انسداد ِ ڈینگی رابطہ سیل کو فعال بنانے کے لئے تمام متعلقہ ادارے قومی جذبے کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں وزیراعلیٰ شہبار شریف کی کاوشوں سے ڈینگی پر قابو پانے کی کوششیں کامیابی سے ہمکنار ہوئی ہیں۔ راجہ جاوید اخلاص نے کہا کہ آئی جے پی روڈ ، اسلام آباد ایکسپریس وے اور اسلام آباد کے ملحقہ دیہی علاقوں و نئی آبادیوں میں ڈینگی کے امکانات ختم کرنے کے لئے ڈینگی لاروا کی تلفی کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ انسداد ِ ڈینگی کے جامع پلان کے تحت فنڈز کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی تاکہ ضروری آلات و سازوسامان حاصل کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے بارے میں شعوری آگاہی کے پروگرام بھی شروع کئے جائیں۔

متعلقہ عنوان :