وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان کے ڈائریکٹر ایس ایس پی ساجد کیانی واپس پولیس لائنز تعینات

جمعہ 22 مئی 2015 19:43

اسلام آباد ۔ 22 مئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22مئی۔2015ء) وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان کے ڈائریکٹر ایس ایس پی ساجد کیانی ڈیڑھ سال بطور ڈائریکٹر منسٹر آفس خدمات سر انجام دینے کے بعد واپس پولیس لائنز تعینات ہو گئے ہیں۔ جمعہ کو وزیرِ داخلہ سے اپنی الوداعی ملاقات میں انہوں نے وزیرِ داخلہ کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ان پر اعتماد کرتے ہوئے اس اہم عہدے پر کام کرنے کا موقع دیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیرِ داخلہ نے ایس ایس پی ساجد کیانی کی بطور ڈائریکٹر خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ فرض شناس، ایماندار اور مخلص افسران کسی بھی ادارے کا اثاثہ ہوتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایس ایس پی ساجد کیانی اسی لگن اور جذبے سے پولیس کے محکمہ میں بھی اپنی خدمات سرانجام دیں گے اور اپنے ادارے کی بہتری اور عوام کی انصاف تک رسائی و حصول میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ الوداعی ملاقات میں موجود وزارتِ داخلہ کے دیگر افسران کو مخاطب کرتے ہوئے وزیرِ داخلہ نے کہا کی وہ ایمانداری اور جذبے سے اپنے فرائض سر انجام دیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ ہر اس افسر کا ساتھ دیں گے جو ایمانداری اورلگن سے اپنے فرائض سر انجام دے گا۔