Live Updates

فاٹا کے قبائلی عمائدین نے تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کی عوامی جلسوں پر پابندی کو غیر منصفانہ قرار دے دیا

جمعہ 22 مئی 2015 19:26

جنوبی وزیرستان (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22مئی۔2015ء) فاٹا کے قبائلی عمائدین نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کی عوامی جلسوں پر پابندی کو غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان وہ واحد لیڈر ہے جو پاکستانی عوام کے دلوں میں بستے ہیں۔عمران خان کی عوامی جلسوں پر خطاب پر پابندی غیر آئینی ہے۔پاکستانی عوام اور خصوصا فاٹا کے ایک کروڑ قبائلی عوام اس پابندی کو برداشت نہیں کرسکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار فاٹا کے قبائلی عمائدین کے جرگہ سے ملک رفیع برکی اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔جرگہ میں شمالی وزیرستان ،جنوبی وزیرستان اور دیگر قبائلی علاقوں سے تعلق رکھنے والے درجنوں سرکردہ عمائدین نے شرکت کی۔قبائلی عمائدین کا کہناتھا کہ قیام پاکستان سے لیکر اب تک تمام سیاسی پارٹیوں کے قائدین نے ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے۔

(جاری ہے)

اورملکی دولت کو بیرون ملک منتقل کیا ہے۔ان سیاسی قائدین کی بیرون ملک اکاونٹس میں اربوں روپے رکھے گئے ہیں۔اور دیگر ممالک میں لوٹی ہوئی رقم سے بڑے بڑے کاروبار کررہے ہیں۔ان کا کہناتھا کہ پاکستانی عوام کی نگاہیں پاک فوج پر لگی ہوئی ہیں کہ یہ واحد ادارہ ہے جو ملک کو بچانے کے لئے ہر میدان میں اترتا ہے۔ملک میں سیلاب ہو یا دیگر قدرتی افات ہوں تو پاک فوج ملک اور عوام کو بچانے کے لئے دن رات ایک کرکے کام کرتا ہے۔

ان کا کہناتھا کہ پاک فوج کی دیانتداری اور ایمانداری کو سلام پیش کرتے ہیں۔ ان کا کہناتھا کہ سیاسی جماعتوں کے قائدین میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان وہ واحد سہارا ہے۔جو ملک بچانے نکلے ہیں۔جوکرپشن سے پاک ہے۔ جس کا بیرون ملک کوئی اکاونٹ نہیں ہے اور نہ ہی ایک پائی بیرون ملک منقتل کیا ہے۔ان کا کہناتھا کہ عمران خان کی عوامی اجتماعات پر پابندی لگانے سے پاکستانی عوام میں غم وغصہ کی لہر دوڑ گئی ہے۔قبائلی عمائدین نے الیکشن کمیشن اف پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ عمران خان کی عوامی اجتماعات پر پابندی کے فیصلے پر نظر ثانی کریں۔اور عمران خان کو عوامی اجتماعات سے خطاب کی اجازت دیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات