150 ارب روپے کے’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘سے دیہی معیشت میں انقلاب برپا ہوگا:شہبازشریف

دیہی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے اس عظیم پروگرام پر عملدرآمد کیلئے محکمہ تعمیرات و مواصلات کو اپنی استعدادکار بڑھانا ہوگی اختیارات کے ساتھ احتساب بھی ضروری ہے،جس معاشرے میں احتساب نہیں وہ معاشرہ نہیں کہلا سکتا گزشتہ برس کے دھرنوں نے پاکستان کی وہ تباہی کی کہ ہماری نسلوں کو اس خمیازہ بھگتنا ہوگا،وزیراعلیٰ کا محکمہ تعمیرات و مواصلات کے انجینئرز سے خطاب

جمعہ 22 مئی 2015 19:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22مئی۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ دیہات کی زندگی میں خوشحالی کا حقیقی انقلاب لائے گا۔ 150 ارب روپے کے اس پروگرام سے دیہات کی معیشت اور عام آدمی کی زندگی میں تبدیلی آئے گی۔ دیہی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے اس عظیم پروگرام پر عملدرآمد کیلئے محکمہ تعمیرات و مواصلات کو اپنی استعدادکار بڑھانا ہوگی۔

پروگرام پر عملدرآمد کے حوالے سے بہترین کارکردگی دکھانے والوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی، تعریفی اسناد کے ساتھ نقد انعامات بھی دیئے جائیں گے۔ ناقص کارکردگی پر احتساب ہوگا۔ پروگرام پر کام کرنے والے ٹھیکیداروں کے مزدوروں کو بونس دیں گے۔ بہترین کارکردگی دکھانے والے ٹھیکیداروں کو بھی تعریفی اسناد دی جائیں گی۔

(جاری ہے)

محکمہ تعمیرات و مواصلات کے ساتھ نیا سماجی معاہدہ کرنے کیلئے تیار ہوں تاہم محکمے کو بھی عوام کی خدمت کیلئے اپنے شب و روز ایک کرنا ہوں گے۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار آج یہاں ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ کے حوالے سے محکمہ تعمیرات و مواصلات کے انجینئرز اور افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب حکومت نے دیہی معیشت کی بہتری کیلئے ایک عظیم اور شاندار منصوبہ شروع کیا ہے جس کے تحت دیہاتوں میں نہ صرف سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور کشادگی کی جائے گی بلکہ نئی سڑکیں بھی بنائیں گے۔

وسائل قوم کی امانت ہیں اور اس کی ایک ایک پائی کے شفاف استعمال کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ غریب قوم کے پیسے کو ضائع نہیں ہونے دیں گے۔ ہم نے 1997ء میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے تھرڈ پارٹی آڈٹ پالیسی متعارف کرائی جس پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ گزشتہ دور آمریت میں قوم کے وسائل کو بے دردی سے لوٹا گیا، ترقیاتی منصوبو ں کے نام پر ایسی لوٹ مار کی گئی جس کی ملکی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔

ہم نے سابق حکومت کے کرپشن کے قبرستان کو ترقی کے میناروں میں بدلا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ دیہات میں بسنے والی 70 فیصد آبادی کی فلاح وبہبود کیلئے مرتب کیا گیا ہے۔’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ سے نہ صرف پنجاب بلکہ پاکستان کی معیشت مضبوط ہوگی۔ پنجاب حکومت نے اپنے بجٹ سے ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ مرتب کیا ہے۔

پروگرام کے تحت تعمیر و مرمت اور بننے والی سڑکوں کی دیکھ بھال کو یقینی بنایا جائے گا اور اس مقصد کیلئے مستقل اتھارٹی بنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ پر عملدرآمد کے حوالے سے ہر چھ ماہ بعد تقریب منعقد کی جائے گی جس میں اچھی کارکردگی دکھانے والوں کو انعامات سے نوازیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس کے دھرنوں نے پاکستان کی وہ تباہی کی کہ ہماری نسلوں کو اس خمیازہ بھگتنا ہوگا۔

دھرنوں نے ملک کے غریب اور عام آدمی کا بے حد نقصان کیا ہے اور ترقیاتی منصوبوں میں رخنہ ڈالا۔ ہمیں دھرنوں کے باعث ہونے والی تاخیر کا ازالہ محنت اور عزم سے کرنا ہے۔ مجھے قوی امید ہے کہ محکمہ تعمیرات و مواصلات کے انجینئرز، افسران اور اہلکاران ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ پر عملدرآمد کے حوالے سے چیلنج کو قبول کرتے ہوئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں گے اور قوم کی توقعات پر پورا اتریں گے اور کامیابیوں کے ایسے جھنڈے گاڑیں گے جس کی ماضی میں کوئی نظیر نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا کہ آج کے اجلاس میں محکمہ تعمیرات و مواصلات کے انجینئرز نے سودمند تجاویز دی ہیں جس پر غور کیا جائے گا اور ان کے پیش کردہ جائز مطالبات بھی پورے کئے جائیں گے۔ اس مقصد کیلئے اعلیٰ سطحی کمیٹی بنائی جائے گی جس میں محکمہ تعمیرات و مواصلات کے نمائندے بھی شامل ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اختیارات کے ساتھ احتساب بھی ضروری ہے۔

جس معاشرے میں احتساب نہیں وہ معاشرہ نہیں کہلا سکتا۔ احتساب کے نظام کے بغیر اہداف حاصل نہیں کئے جا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت ایسی سڑکیں بنانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے جو 25 سال تک ٹوٹ پھوٹ کا شکار نہ ہوں اور تعمیراتی میٹریل کی جانچ پڑتال کیلئے ٹیسٹنگ لیبارٹریاں بھی بنائی جائیں گی جنہیں آؤٹ سورس کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعمیرات و مواصلات کو جدید تقاضوں کے مطابق خو دکو ڈھالنا ہے اور اس ضمن میں میں اس محکمے کے ساتھ نیا سماجی معاہدہ کرنے کیلئے تیار ہوں تاہم انہیں نتائج بھی دینا ہوں گے۔

اس پروگرام کے تحت دیہی علاقوں میں بنائی جانے والی سڑکوں کی چوڑائی 12 فٹ ہوگی جبکہ شولڈرز بھی بنیں گے۔ رواں برس اس پروگرام پر 15 ارب روپے کی رقم صرف کی جا رہی ہے۔ صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک تنویر اسلم نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ بڑی اہمیت اور افادیت کا حامل منصوبہ ہے۔ ملک کی تاریخ میں پہلی بار دیہی علاقوں کی ترقی کیلئے اتنا بڑا پروگرام شروع کیا گیا ہے۔

صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے کہا کہ ’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ سے دیہات میں بسنے والے محنت کش، کسان، مزدور اور عام آدمی مستفید ہوں گے۔ پنجاب حکومت نے دیہی عوام کی خدمت کیلئے دیہی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا بہت بڑا قدم اٹھایا ہے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ دیہی علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور بحالی کا ایسا پروگرام شروع کیا گیا ہے جو دیہی عوام کی معاشی ترقی کیلئے بے حد سودمند ہوگا اور اس پروگرام کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

سیکرٹری تعمیرات و مواصلات نے کہا کہ ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ دیہی معیشت میں گیم چینجر ثابت ہوگا۔ یقین دلاتے ہیں کہ منصوبے پر عملدرآمد کے حوالے سے آپ کی توقعات پر پورا اتریں گے۔ محکمہ تعمیرات و مواصلات کے انجینئرز نے اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ملاقات کا موقع فراہم کرکے ہماری عزت افزائی کی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ خادم پنجاب شہباز شریف کے وِژن کے مطابق کام کریں گے اور ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ کے حوالے سے ان کے سپاہی بن کر کام کریں گے اور انہیں کسی صورت مایوس نہیں کریں گے۔

متعلقہ عنوان :