چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے یڈیشنل جج حافظ شاہد ندیم کاہلوں سے حلف لے لیا

تقریب میں فاضل جج صاحبان ، وفاقی و صوبائی لاء افسران، پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین‘ لاہور ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن کے صدرسمیت سینئر وکلاء و عزیز و اقارب نے شرکت کی

جمعہ 22 مئی 2015 19:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22مئی۔2015ء) لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس منظور احمد ملک نے عدالت عالیہ میں نئے تعینات ہونے والے ایڈیشنل جج حافظ شاہد ندیم کاہلوں سے انکے عہدے کا حلف لے لیا۔فاضل جج کی حلف برداری کے سلسلہ میں ایک سادہ و پر وقار تقریب آج عدالت عالیہ کے ججز لاؤنج میں منعقد ہوئی۔

(جاری ہے)

تقریب میں پرنسپل سیٹ پر کام کرنے والے فاضل جج صاحبان ، وفاقی و صوبائی لاء افسران، پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین اعظم نذیر تارڑ، لاہور ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن کے صدر پیر مسعود چشتی، ہا ئی کورٹ بار ایسو سی ایشن بہالپور کے صدر سمیت سینئر وکلاء، عدالت عالیہ کے افسران اور نئے تعینات ہونے والے فاضل جج کے عزیز و اقارب نے شرکت کی۔

رجسٹرار حبیب اﷲ عامر نے تقریب کی نظامت کے فرائض سر انجام دیئے۔ متذکرہ بالا فاضل جج کی تعیناتی کے بعد عدالت عالیہ میں ججوں کی تعداد50 ہو گئی ہے۔دریں اثناء فاضل چیف جسٹس نے جسٹس حافظ شاہد ندیم کاہلوں کی عدالت میں عدالتی سٹاف کی تعیناتی کی بھی منظور ی دے دی ہے۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق سینئر پرائیویٹ سیکرٹری شفقت علی، سینئر کورٹ ایسو سی ایٹ فدا حسین، سینئر پرسنل اسسٹنٹ محمد یوسف خان اور پرسنل اسسٹنٹ ذیشان خان کو فاضل جج کی عدالت میں تعینات کیا گیا ہے۔