بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی صوبے بھر میں تاریخی کامیابی حاصل کرے گی ،جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات اسراراﷲ ایڈووکیٹ

جمعہ 22 مئی 2015 18:41

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22مئی۔2015ء ) جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات اسراراﷲ ایڈووکیٹ نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی صوبے بھر میں تاریخی کامیابی حاصل کرے گی جبکہ صوبائی دارالحکومت پشاور میں بھی ضلعی حکومت جماعت اسلامی بنائیگی۔ جبکہ چاروں ٹاؤن کونسلوں میں بھی جماعت اسلامی اکثریتی جماعت بن کر ابھرے گی۔

گرین اینڈ کلین پشاور ہمارا سلوگن ہے۔ عوام 30مئی کو ترازو کے انتخابی نشان پر مہر لگائیں۔ خواتین بھی بھاری تعداد میں ووٹ ڈالنے کے لئے نکلیں۔ ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے موضع میاں گجر میں ٹاؤن کونسل نحقی وارڈ کے لئے جماعت اسلامی کے امیدوار تسلیم سجاد کی انتخابی مہم کے سلسلے میں منعقدہ کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی ٹاؤن ٹو کے امیر حمداﷲ جان اور ٹاؤن کونسل نحقی وارڈ کے لئے جماعت اسلامی نامزد امیدوار تسلیم اقبال نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔

جماعت اسلامی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات اسراراﷲ ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ تجاوزات کا خاتمہ ، کلین اینڈ گرین پشاور، پینے کے صاف پانی کی فراہمی ، تعلیم اور صحت کی بہتر سہولیات ، کاشتکاروں کے مسائل ، نوجوانوں کو صحت مند تفریحی اور کھیلوں کے فروغ کے لئے سہولیات کی فراہمی ، خواتین کی ترقی اور اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ہمارے منشور کے بنیادی نقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے مستحق اور غریب طلباء کے لئے ڈسٹرکٹ کونسل سکالر شپ کا اجراء کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات کا انعقاد عوام سے کئے گئے وعدے کی تکمیل ہے۔