پیمرا نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ٹی وی چینل کو اظہارِوجوہ کا نوٹس جاری کردیا

جمعہ 22 مئی 2015 18:17

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22مئی۔2015ء) پیمرانے پرائیویٹ نیوز چینل نیوز ون کو 20مئی 2015ء کو رات 8بجے ایک سیاستدان کا براہِ راست متنازعہ انٹرویو نشر کرنے پر اظہارِ وجوہ کا نوٹس جاری کر دیا۔پیمرا نے نوٹس کیا ہے کہ دورانِ پروگرام افراد اور اداروں کے خلاف انتہائی لغو ، غیر ذمہ دارانہ اور اخلاق باختہ الفاظ استعمال کیے گئے اور انہیں من و عن بغیر Editکیے نشر کیا گیا جو کہ پیمرا قوانین کے سیکشن 20(c)، سیکشن 27، ضا بطہ ٔ اخلاق اور لائسنس کے قوائد وضوابط کے صریحاً منافی تھا۔

ٹی وی چینل پر نشر ہونیوالا یہ انٹرویو پیمرا کے سابق یکم مئی 2015ء کے نوٹس کے بھی منافی پایا گیا جس میں پیمرا نے تمام ٹی وی چینلز کو ہدایت کی تھی کہ وہ فی الفور Time Delay Deviceلگائیں اور کوئی ایسا پروگرام براہِ راست(Live)نشر کرنے سے اجتناب کریں جس سے نفرت انگیز مواد کے پھیلاؤ ، اداروں یا افراد کی تضحیک کا اندیشہ ہو۔

(جاری ہے)

یہ تحقیقات کی جائیں گی کی چینل نے اتھارٹی کے یکم مئی کے احکامات سے جان بوجھ کر انحراف کیا یا عمل درآمد کرنے میں ناکام رہا ہے۔ خلاف ورزی کو مدِ نظر رکھتے ہوئے پیمرا نے ٹی وی چینل کو 14دن کا اظہارِ وجوہ کا وقت دیا ہے کہ کیوں نہ ان کے خلاف اخلاقی اقدار کے منافی پروگرام چلانے پرپیمرا قوانین کے تحت باضابطہ کاروائی عمل میں لائی جائے۔

متعلقہ عنوان :