حکمران ملک میں تمام وسائل کے اوپر سانپ بن کر بیٹھے ہیں ،حلیم عادل شیخ

حکمران اﷲ سے ڈریں پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں اضافہ غریبوں کو جیتے جی ماردے گا،صدر مسلم لیگ (ق)سندھ

جمعہ 22 مئی 2015 18:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22مئی۔2015ء)مسلم لیگ سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ موجودہ حکمران ملک میں تمام وسائل کے اوپر سانپ بن کر بیٹھے ہیں ،ان لوگوں نے اپنے اقتدار کے دوسالوں میں عوام کو خون کے آنسو رلایاہے ،حکمرانوں نے ہر دور میں عوام پر ظلم کیا انہیں عوام سے کوئی لینا دینا نہیں ہے انہیں تو پر حال میں اقتدار چاہیے یہ ہی وجہ ہے کہ ان کو اقتدار تک پہنچانے والوں پرقومی خزانے کو بے دریغ لٹایا جارہاہے ۔

عوام دو وقت کی روٹی کے لیے دربدر پھر رہی ہے اورحکمرانوں کے عشرت کدوں میں کوئی کمی نہیں آئی ہے،اپوزیشن والے سب کچھ جانتے ہوئے بھی انہیں بے نقاب کرنے میں ناکام ہیں یا وہ ایسی نوراکشتی میں مصروف ہے جس کا فائدہ عوام کو کبھی نہیں مل سکتا ۔

(جاری ہے)

حکومت کو پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں اضافہ نہیں کرنا چاہیے ،یہ وہ عمل ہے جس کی وجہ سے آئندہ انتخابات میں اقتدار پر براجمان جماعتوں کو ہار کی صورت میں شرمندگی اٹھانا ہونگی ۔

کیونکہ ان لوگوں نے ایک دن بھی اپنے ہونے یا نہ ہونے کا کوئی ثبوت نہیں د یا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کے سینیئر نائب صدر نفیس حیدر کے ساتھ ہوئے لیگی کارکنوں کے وفد سے ملاقات میں کیا۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ عوام کو دھوکہ دینے کے ماہر سیاستدانوں کو عوام اب نہیں سمجھے گی تو پھر کب سمجھے گی ہم حکومت کو کسی بھی طور پر کمزور نہیں کرنا چاہتے مگر یہ خواہش ضرور ہے کہ حکمران اپنی روش کو بدل لیں وگرنہ بلدیاتی انتخابات میں حکومت کے ہاتھ کچھ نہیں لگنے والا اگر عوام نے انہیں گھر بھیجنے کا تہیہ کرلیا تو یہ چاہے اپنی جیت کے لیے کتنی بھی ریاستی مشینری کو استعمال کرلیں جیت انکے مقدر میں نہیں ہوگی ۔

حلیم عادل شیخ نے ڈسٹرکٹ کورنگی کے صدر نوید سوھر کے ساتھ آئے ہوئے وفد سے بھی ملاقات کی اس موقع سیکرٹری ایڈمنسٹریشن نعیم عادل شیخ بھی موجود تھے ۔اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ سیاستدانوں کو اس بات کی کوئی فکر نہیں ہے کہ ملک کس دوراہے پر کھڑا ہے ،ملک میں جاری بدامنی کے خاتمے کے لیے تمام کوششیں سیکورٹی اداروں کی جانب سے ہیں اس میں حکومت میں بیٹھے لوگوں کا کوئی عمل دخل نہیں ہے ۔