کیبل آپریٹرز پرپنجاب ریونیو کا لاگو کیا گیا ٹیکس واپس لیا جائے‘ کیبل آپریٹر ز ایسوسی ایشن پاکستان

کسی بھی ادارے کو کیبل آپریٹرز کے ہیڈرز بند کرنے کا اختیار نہیں،کیبل آپریٹرز کو ختم کرنے کے حالات پیدا کیے جا رہے ہیں آج ہفتے کی شام تک مذاکرات نہ کیے گئے تو پنجاب میں کیبل سسٹم بند کردینگے‘کیپٹن عبدالجبار اور ملک فرقان کی پریس کانفرنس

جمعہ 22 مئی 2015 18:00

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22مئی۔2015ء) کیبل آپریٹر ز ایسوسی ایشن پاکستان کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ کیبل آپریٹرز پرپنجاب ریونیو کا لاگو کیا گیا ٹیکس واپس لیا جائے، کسی بھی ادارے کو کیبل آپریٹرز کے ہیڈرز بند کرنے کا اختیار نہیں،کیبل آپریٹرز کو ختم کرنے کے حالات پیدا کیے جا رہے ہیں، آج ہفتے کی شام تک مذاکرات نہ کیے گئے تو پنجاب میں کیبل سسٹم بند کردینگے۔

ان خیالات کا اظہار کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن کے رہنما کیپٹن عبدالجبار اور ملک فرقان نے لاہورمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

عہدیداروں نے کہا کہ تمام کیبل آپریٹرز انا کے بت توڑ کر متحد ہو گئے ہیں ،کیبل سسٹم کو بند کرنا صرف پیمرا کا اختیار ہے ، بڑی کمپنیاں آ گئیں تو فیسیں کئی گنا بڑھ جائیں گی ، ہیڈرز کی بندش کیخلاف عدالت جا رہے ہیں۔

کیپ کے عہدیداروں کا کہنا تھا کہ گذشتہ روز4 کیبل آپریٹرز کے ہیڈرز کو سیل کر دیا گیا ، کیبل آپریٹرزپیمرا کے لائسنس یافتہ ہیں ، کسی اور ادارے کو کیبل آپریٹرزکے ہیڈرز کو بند کرنے کا اختیار نہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ کیبل آپریٹرز نے کھربوں روپے کی سرمایہ کاری کر رکھی ہے ،کیبل آپریٹرز کو ختم کرنے کے حالات پیدا کیے جارہے ہیں ، ہیڈرز کی بندش پر ایف آئی آر درج کرائی جائیگی ۔