Live Updates

پی ٹی آئی حکومت نے شفاف نظام کی بدولت خود کو بھی قانون کی عدالت میں پیش کیا،مشتاق احمد غنی

اقتدار کے مزے لوٹنے کیلئے آج تمام لٹیرے سہ فریقی اتحاد کی شکل میں اکٹھے ہو گئے ہیں ،اتحاد عوام کو بیوقوف اور گمراہ نہیں کر سکتا حکومت نے برسر اقتدار آتے ہی نظام کی تبدیلی کیلئے جدوجہد کی ،لوٹ مارو ظلم پر مبنی نظام ترقی و خوشحالی کے راستے میں سب سے بڑی رکاوٹ تھی ، وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا

جمعہ 22 مئی 2015 17:09

پشاور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22مئی۔2015ء) خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ اور اعلیٰ تعلیم مشتاق احمد غنی نے کہا ہے کہ اقتدار کے مزے لوٹنے کیلئے آج تمام لٹیرے سہ فریقی اتحاد کی شکل میں اکٹھے ہو گئے ہیں لیکن یہ اتحاد عوام کو بیوقوف اور گمراہ نہیں کر سکتا یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے ما ضی میں برسر اقتدار رہنے کے باوجود صوبے کی ترقی و خوشحالی کیلئے کچھ نہیں کیا عوام گزشتہ حکمرانوں کی لوٹ مار کرپشن اور ظلم پر مبنی نظام کو بھولے نہیں ہیں۔

اپنے ایک بیان میں وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت پر تنقید کرنے والوں کو اپنے گریباں میں جھانکناچاہیئے جنہوں نے اپنے دور حکومت میں عوامی مفادات پر ذاتی مفادات کو ترجیح دی اور صرف اپنی جیبیں بھرنے میں مصروف ر ہے۔

(جاری ہے)

یہ وہ لوگ ہیں جو ماضی میں برسر اقتدار ہونے کے باوجود خوف اور ڈر کے مارے اپنے محلات سے باہر بھی نکل نہیں سکتے تو یہ عوام کا درد اور مسائل کیسے محسوس کرتے۔

مشتاق احمد غنی کا کہنا تھا کہ آج یہ نام نہاد سیاستدان بے خوف و خطر اپنے گھروں سے باہر نکلے ہیں تو یہ موجودہ حکومت کے پر امن اور شفاف نظام کے قیام کی مرہون منت ہے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت حقیقی معنوں میں عوام کی ترجمان حکومت ہے جس نے محض کھوکھلے نعروں اور جھوٹے اعلانات کے بجائے صوبے کی ترقی و حوشحالی کیلئے عملی اقدامات اٹھائے ہیں ہر شعبے میں میرٹ ، شفافیت اور احتساب کا عمل یقینی بنایا گیا ہے۔

اطلاعات تک رسائی کا قانون اور احتساب کمیشن کے قیام سے موجودہ حکومت نے خود کو عوام کی عدالت میں پیش کر دیا ہے تحریک انصاف کی موجودہ حکومت نے صوبے میں ایک ایسے منفرد اور شفاف نظام کی بنیاد رکھی ہے جس کی تا ریح میں مثال نہیں ملتی ۔سرکاری اداروں میں ملازمتوں کی فراہمی 100فیصد میرٹ پر یقینی بنائی جا رہی ہے صوبے کی تاریح میں پہلی بار محنتی اور قابل نوجوانوں کو سیاسی مداخلت سے بالاتر ہو کر ایک خود مختار آزاد اور شفاف ٹیسٹنگ ادارے کی خدمات سے محکمہ پولیس ، تعلیم ،صحت اور دیگر ادارں میں میرٹ پر نوکریاں فراہم کر دی گئی ہیں ۔

مشتاق احمد غنی کا کہنا تھا کہ گزشتہ ادوار حکومت نے سر عام ایزی لوڈ ، ہیوی لوڈ اور دیگر مختلف حربوں سے صوبے کے نوجوانوں سے ملازمتوں کے نام پر پیسے بٹورے گئے ہیں ہر ادارے میں لوٹ ماراور کرپشن کا بازار گرم تھا لیکن اب یہ سب قصہ پارینہ بن چکے ہیں عوام صوبے میں واضح تبدیلی محسوس کررہے ہیں لیکن یہ تبدیلی عقل کے اندھوں ،لٹیروں اور کینہ پرور لوگوں کو نظر نہیں آتی ہے وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے برسر اقتدار آتے ہی نظام کی تبدیلی کیلئے جدوجہد کی ہے کیونکہ لوٹ ماراور ظلم پر مبنی نظام ترقی و خوشحالی کے راستے میں سب سے بڑی رکاوٹ تھی ۔

آج تمام ادارے حقیقی معنوں میں عوام کی حدمت میں مصروف ہیں ۔ کوئی بھی سرکاری ملازم کرپشن کرنے سے پہلے ہزار مرتبہ سوچے گاکیونکہ صوبے میں چوروں اور ڈاکو کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات