Live Updates

تحریک انصاف کے جوڈیشل کمیشن میں پیش کر دہ گواہ اس کے اپنے موقف سے دور جارہے ہیں، بیرسٹر ظفراللہ خان

جمعہ 22 مئی 2015 16:55

اسلام آباد ۔ 22مئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22مئی۔2015ء) وزیر اعظم کے معاون خصوصی بیرسٹر ظفراللہ خان نے کہاہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے جوڈیشل کمیشن میں جتنے بھی گواہ پیش کیئے وہ اس کے موقف سے دور جارہے ہیں انھوں نے کہا کہ ہم تو چاہتے ہیں کہ پی ٹی آئی اس طرح کے دو ،چار گواہ اور پیش کرے تو معاملہ ہی ختم ہو جائے گا ۔جمعہ کو جوڈیشل انکوائری کمیشن کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر ظفراللہ خان نے کہا کہ جتنے گواہ بھی پی ٹی آئی نے پیش کیئے ہیں وہ اس کے موقف سے دور جارہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں ایک شعر پڑھ کر آپ لوگوں کو سناتا ہوں تو آپ کو بہتر سمجھ آجائے گی اس موقع پر انہوں نے معروف شاعر آتش کا شعر سنایا ،، بہت شور سنتے تھے پہلو میں دل کا ، جو چیرا تواک قطرہ خوں نہ نکلا،،انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کا بھی یہی حال ہے کہ وہ جوڈیشل کمیشن میں دھاندلی کا ایک بھی ثبوت پیش نہیں کر سکے ۔صحافی کے سوال پوچھنے پر جس میں کہا گیا تھا کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کہتے ہیں کہ ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے کا جواب دیتے ہوئے وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ جب پارٹی ختم ہوتی ہے تو لوگ غل غباڑہ کرتے ہیں اور پکڑے بھی جاتے ہیں ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :