ملازمین کو پی آئی اے کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے سخت محنت کرنا ہوگی، منیجنگ ڈائریکٹر پی آئی اے

جمعہ 22 مئی 2015 16:53

اسلام آباد ۔ 22 مئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22مئی۔2015ء) پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کے منیجنگ ڈائریکٹر شاہ نواز رحمان نے کہا ہے کہ پی آئی اے کے بیڑے میں ایندھن کی بچت والے طیاروں کی شمولیت کے ساتھ ملازمین کو پی آئی اے کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے سخت محنت کرنا ہوگی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پی آئی اے کے بیڑے میں شامل ہونے والے پانچویں ایئر بس A-320 کی آمد کے موقع پر کیا۔

انہوں نے کہا کہ 2015 ء کی پہلی سہ ماہی میں پی آئی اے کے مالیاتی نتائج گزشتہ برس کی اسی مدت کے مقابلے میں بہتر کارکردگی کا مظہر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کے بیڑے میں ایندھن کی بچت والے طیاروں کی شمولیت کے ساتھ ملازمین کو پی آئی کے احیاء کے لئے مزید محنت کرنی ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایئر لائن نے صلاحیت میں اضافے کے لئے اپنے بیڑے میں طیاروں کو شامل کرنے کے ایک شفاف اور مسابقتی بولی کے عمل کا آغاز کردیا ہے، فی الحال ایئر لائن کے پاس پانچ A320 طیارے ہیں جبکہ جون۔

جولائی 2015ء تک مزید آٹھ A320 نیرو باڈی طیارے پی آئی اے کے بیڑے میں شامل ہوجائیں گے۔ مزید برآں لیز پر حاصل کئے جانے والے پانچ ATR-72 طیاروں میں سے دو طیارے پہلے ہی بیڑے میں شامل ہوچکے ہیں جبکہ باقی جلد ہی شامل ہو جائیں گے۔ پی آئی اے نے بیڑے میں شامل کئے جانے کے لئے تین وائیڈ باڈی طیاروں کے لئے بھی ٹینڈر جاری کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایندھن کی بچت والے طیاروں کی شمولیت ایئر لائن کے آپریشن کو بہتر کر رہی ہے۔ ان طیاروں کو اندرون ملک پروازوں کے ساتھ ساتھ مختصر فاصلے کے بین الاقوامی روٹس پر بھی استعمال کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :