Live Updates

تحریک انصاف جس کمیشن میں بھی جائے گی اسے شکست کا سامنا کرنا پڑے گا، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری

جمعہ 22 مئی 2015 16:46

اسلام آباد ۔ 22مئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22مئی۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف جس کمیشن میں بھی جائے گی اسے شکست کا سامنا کرنا پڑے گا، پاکستان تحریک انصاف تحریک الزامات کی جماعت بن چکی ہے، پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران کو چاہئے کہ الزامات کی پارٹی تو ختم ہو چکی ہے اب کسی نئی پارٹی کی تلاش کریں، تحریک انصاف کا الزامات کا سفر سابق چیف جسٹس سے شروع ہو کر پپو بٹ پر ختم ہو گیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو جوڈیشل انکوائری کمیشن کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ایک کمیشن یہ ہے جس کی کارروائی آپ لوگ دیکھ رہے ہیں اور ایک کمیشن عوامی کمیشن ہے، پاکستان تحریک انصاف جس کمیشن میں بھی جائے گی اسے شرمندگی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملتان کے عوامی کمیشن نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کو بھاری اکثریت سے کامیاب قرار دے کر ثابت کر دیا ہے کہ ملتان سمیت ملک بھر کی عوام وزیراعظم محمد نواز شریف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی عوام دوست پالیسوں پر مکمل اعتماد کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملتان کی اس نشت پر الیکشن 2013ء میں مسلم لیگ (ن) کا امیدوار پانچ ہزار ووٹ کی برتری سے جیتا تھا تاہم ضمنی الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کی منفی سیاست کے باعث 10 ہزار ووٹوں کی برتری سے کامیاب ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف تحریک الزامات کی جماعت بن چکی ہے، پہلے الزامات عائد کرتے ہیں اور پھر ثبوت تلاش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں عمران خان سے کہتا ہوں کہ سیاست جذبات کا نام نہیں ہے وہ ہوش کے ناخن لیں اور پاکستان کے شہروں کو بند کرکے معاشی نقصان نہ کریں۔ ایک سوال کے جواب میں کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے، کا جواب دیتے ہوئے ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ الزامات کی پارٹی تو ختم ہو چکی ہے، عمران خان کو چاہئے کہ اب کسی نئی پارٹی کو تلاش کریں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :