لاہور اور اسلام آباد سے(ایف آئی اے) سائبر کرائم کے 2 ماہرین ایگزیکٹ کے ہیڈ آفس پہنچ گئے

جمعہ 22 مئی 2015 16:42

لاہور اور اسلام آباد سے(ایف آئی اے) سائبر کرائم کے 2 ماہرین ایگزیکٹ کے ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22مئی۔2015ء) لاہور اور اسلام آباد سے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سائبر کرائم کے 2 ماہرین ایگزیکٹ کے ہیڈ آفس پہنچ گئے ہیں۔ایف آئی اے ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کی جانب سے جعلی ڈگریوں کا اسکینڈل منظر عام پر آنے کے بعد ایف آئی اے نے تحقیقات مزید تیز کردیں جس کے پیش نظر لاہور اور اسلام آباد سے سائبر کرائم کے 2 ماہرین ایگزیکٹ ہیڈ آفس پہنچ گئے اور انہوں نے کمپیوٹرز کی ڈی کوٹنگ کا عمل شروع کردیا۔

واضح رہے کہ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز میں جعلی ڈگریوں کی فروخت سے متعلق خبر شائع ہونے کے بعد وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے ایف آئی اے کو اسکینڈل کی مکمل تحقیقات کا حکم دیا تھا۔جمعہ کو ایف آئی اے ٹیم نے ملازمین سے بھی پوچھ گچھ کی ،طلبا سے فیس کی وصولی اورادائیگی کے طریقہ کارسے متعلق تفتیش کی۔

(جاری ہے)

ایگزیکٹ کمپنی کے نام کراچی میں بینک اکاونٹس کے بارے میں بھی معلومات لی گئیں ہیں،گذشتہ روز سیلز لیڈرسجاد حیدر اورحسنین الر حمان کے بیانات ریکارڈ کئے گئے،جبکہ دونوں عہدیدران کو جمعہ کو پھر طلب کیا گیا۔

جمیل احمد،محمد یونس اسسٹنٹ مینیجرزایچ آر امجد اورعابد کے بیانات بھی قلمبند کیے جاچکے ہیں،ذرائع کے مطابق ایگزیکٹ کے خلاف منی لانڈرنگ کے تحت مقدمہ درج کئے جانے کا بھی امکان ہے۔