ایف سی کی مختلف علاقوں میں کارروائیوں میں 2درجن کے قریب دہشت گردہلاک ، متعدد زخمی ہوئے،دہشت گردوں کے 5ٹھکانے تباہ ،1300کلوگرام بارودی مواد سمیت دیگر بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کرلیا گیا، سیکیورٹی فورسز نے کالعدم تنظیموں کے خلاف قلات، مستونگ،جوہان، ہربوئی میں آپریشن کیا ، مختلف علاقوں میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے خلاف آپریشن جاری ہے

صوبائی وزیر داخلہ سرفراز اور ڈی آئی جی ایف سی بریگیڈیئر طاہر کی پریس کانفرنس

جمعہ 22 مئی 2015 16:27

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22مئی۔2015ء) ایف سی نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 2درجن کے قریب دہشت گردہلاک جبکہ متعدد زخمی کر دیئے،دہشت گردوں کے 5ٹھکانے تباہ ،1300کلوگرام بارودی مواد سمیت دیگر بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔جمعہ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ سرفراز اور ڈی آئی جی ایف سی بریگیڈیئر طاہر نے کہاکہ سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے 5 ٹھکانے تباہ کر دیئے اور ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں گولہ بارود ، خود کش جیکٹس، ایس ایم جیز برآمد کر لیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ قلعہ عبداللہ میں رحمان ٹاؤن میں خفیہ اطلاعات پر کارروائی کی گئی جہاں سے 1350 کلو گرام سے زائد دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے کالعدم تنظیموں کے خلاف قلات، مستونگ،جوہان، ہربوئی میں آپریشن کیا اور آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی کئی پناگاہیں تباہ کر دی گئی ہیں، کارروائیوں میں دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیاگیا ہے۔

صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا کہ گزشتہ ایک ماہ میں ایف سی، حساس گاداروں نے بڑی کامیابیاں حاصل کیں، ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیموں کے درجنوں دہشت گرد مارے گئے اور کئی گرفتار کئے گئے ہیں، کارروائیوں میں بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبے کے مختلف علاقوں میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے خلاف آپریشن جاری ہے، نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں