کوئٹہ ، قمبرانی روڈ پر ایف سی قافلے پرریموٹ کنٹرول بم حملہ،ایک ایف سی اہلکار شہید،2اہلکاروں سمیت 4افراد زخمی

جمعہ 22 مئی 2015 16:26

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22مئی۔2015ء) کوئٹہ کے علاقے قمبرانی روڈ پر ایف سی کے قافلے پرریموٹ کنٹرول بم حملے کے نتیجے میں ایک ایف سی اہلکار شہیدجبکہ2اہلکاروں سمیت 4افراد زخمی ہو گئے،زخمیوں کو فوری طور پر سول اور سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کر دیا گیا، واقعے کے بعد ایف سی اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق جمعہ کو کوئٹہ کے علاقے قمبرانی روڈ پر ایف سی کے قافلے کے قریب ریموٹ کنٹرول بم سے حملہ کیا گیا، بم حملے میں 3اہلکاروں سمیت 5افراد زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پرسول اور سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کر دیا گیا،جہاں ایک ایف سی اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جبکہ دھماکے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز کی طرف سے فائرنگ بھی کی گئی، فائرنگ کا مقصد دہشت گردوں کو پیغام دینا تھا کہ سیکیورٹی فورسز الرٹ ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق دھماکہ اتنا شدید تھا کہ آواز پورے شہر میں سنائی دی، بم سڑک کنارے کھڑے رکشے میں نصب کیا گیا تھا، واقعے کے بعد ایف سی اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔پولیس کے مطابق ایف سی کی دو گاڑیاں تھیں، ایک گزر گئی، دوسری گزرتے ہوئے بم دھماکے کا نشانہ بنی۔دھماکے کے فوری بعد ریسکیو اور بم ڈسپوزل اسکواڈ موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں جبکہ دھماکے سے رکشہ مکمل تباہ ایف سی کی گاڑی کو شدید نقصان پہنچا۔