ہائی کورٹ کے فل بینچ نے وزیراعظم نواز شریف کو تاحیات نااہل قرار دینے کی درخواستیں خارج کردیں

جمعہ 22 مئی 2015 16:02

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22مئی۔2015ء) لاہور ہائی کورٹ کے فل بینچ نے وزیراعظم نواز شریف کو تاحیات نااہل قرار دینے کی 24سال پرانے کیس کی درخواستیں خارج کردیں۔ گزشتہ روز جسٹس فرخ عرفان خان کی سربراہی میں فل کورٹ نے وزیراعظم کو تاحیات نااہل قرار دینے کی 24سال پرانی درخواستوں کی سماعت کی۔ دیگر ججز صاحبان میں جسٹس قاسم خان ،جسٹس عائشہ اے ملک ، جسٹس فیصل زمان اور جسٹس وقاص رؤف شامل تھے ۔

وزیراعظم نوازشریف کے خلاف مقامی شہری نے 1991ء میں ایک درخواست دائر کی تھی جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ نواز شریف نے غیر قانونی اثاثے بنا رکھے ہیں اور انہوں نے غیر قانونی طور پر سرکاری زمینیں بھی الاٹ کی ہے جس سے قومی خزانے کو نقصان پہنچا لہٰذا وہ آئین کے تحت وزارت عظمی کے عہدے کے لیے اہل نہیں ہیں ان کے اثاثے ضبط کر کے نا اہل قرار دیا جائے ۔

(جاری ہے)

دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل بیرسٹر جاوید اقبال جعفری نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے خلاف آج تک کسی جج نے فیصلہ دینے کی جرت نہیں کی جس پرعدالت نے غیر متعلقہ دلائل دینے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔جسٹس فرخ عرفان خان نے درخواست گزار کے دلائل پر ریمارکس میں کہا کہ ہم کسی صدر، وزیراعظم، وزرا ء یا افسران سے نہیں ڈرتے، جو جج انصاف نہیں کریگا وہ جہنم کے نچلے درجے میں ہوگا۔ عدالت نے وزیراعظم نواز شریف کے خلاف 24سال قبل دائر درخواستیں ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے انہیں خارج کردیا۔

متعلقہ عنوان :