ایل این جی درآمد منصوبہ وزیراعظم ہاؤس کے کنٹرول میں ہے ، وزارت پٹرولیم کا کوئی کردار نہیں ، سیکرٹری پٹرولیم

جمعہ 22 مئی 2015 15:13

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22مئی۔2015ء) سیکرٹری پٹرولیم ارشد مرزا نے کہا ہے کہ ایل این جی درآمد منصوبہ براہ راست وزیراعظم ہاؤس سے کنٹرول کیا جارہا ہے ، وزارت پٹرولیم کا کوئی کردار نہیں ہے ، ایل این جی پر مذاکرات مکمل ہوچکے ہیں ، چند دنوں میں معاہدہ پر دستخط ہو جائیں گے ۔ پارلیمنٹ ہاؤس میں اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22مئی۔

2015ء سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری پٹرولیم ارشد مرزا نے کہا کہ ایل این جی منصوبہ وزیراعظم ہاؤس سے کنٹرول کیا جارہا ہے ایل این جی بارے حتمی فیصلہ کابینہ اور وزیراعظم کرینگے ۔ وزارت پٹرولیم کا اس حوالے سے کوئی موثر کردار نہیں ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایل این جی پر جاری مذاکرات مکمل ہوچکے ہیں اگلے چند دنوں میں معاہدے پر حتمی دستخط ہوں گے ۔

(جاری ہے)

ارشد مرزا نے کہا کہ پی ایس او کا نیا ایم ڈی وزارت پٹرولیم نے نہیں بلکہ وزیراعظم نے تعینات کیا ہے جنہوں نے اپنا چارج سنبھال لیا ہے سابق ایم ڈی اینگرو کمپنی لمیٹڈ عمران الحق شیخ کو ایم ڈی پی ایس او لگایا گیا ہے اور یہ فیصلہ وزارت نہیں بلکہ وزیراعظم نے کیا ہے جب ان سے پوچھا گیا کہ اس تعیناتی میں متصادم مفادات( conflict of interest )نہیں تو انہوں نے کہا کہ شیخ عمران الحق کو اینگرو سے استعفیٰ دینا ہوگا ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ایس او میں 6ارب کے غیر معیاری فرنس آئل درآمد سکینڈل میں آپ کا کیا کردار ہے تو انہوں نے کہا کہ پی ایس او کے معاملات کوئی دوسرا شخص کنٹرول کرتا ہے میرا کوئی کردار نہیں انہوں نے کہا کہ وزارت پٹرولیم اگلے مہینے سیکرٹریٹ اے بلاک سے شفٹ ہوکر نیا تعمیر شدہ پٹرولیم ہاؤس میں چلی جائے گی اور وزارت پٹرولیم کے تمام دفاتر ایک چھت کے نیچے ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :