پی اے آر سی کے چارہ بنانے والے پلانٹ کی مزید توسیع ، چیئرمین نے افتتاح کیا

جمعہ 22 مئی 2015 14:56

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22مئی۔2015ء)پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل)پی اے آر سی( نے جانوروں کو صحت مند غذا فراہم کرنے کے لئے قومی زرعی تحقیقاتی مرکز میں قائم چارہ بنانے والے پلانٹ کی مزید توسیع کردی ہے جس سے اب زیادہ سے زیادہ چارہ بنایا جاسکے اور اس کی عالمی معیار کے مطابق پیکنگ کی جائے گی۔ توسیع شدہ چارہ بنانے اور پیک کرنے والے پلانٹ silage bailing and wrapping plantکا پی اے آر سی کے چیئرمین ڈاکٹر افتخار احمد نے باضابطہ طور پر افتتاح کیا اور امید ظاہر کی کہ اس سے کسانوں کو اپنے جانوروں کے لئے صحت مند چارہ فراہم ہوگا جس سے ان کے جانور صحت مند رہیں گے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے سائنسدانوں پر زور دیا کہ وہ اس ٹیکنالوجی کو ملک کے مختلف علاقوں میں متعارف کرائیں تاکہ اس کا فائدہ کسانوں تک پہنچے اوران کو جانوروں کے لئے غذائیت سے بھر پور چارہ میسر ہو۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پی اے آر سی کے ممبر انمل سائنسز ڈاکٹر شاہد رفیق نے لائیو اسٹاک ریسرچ اسٹیشن کو چارہ بنانے والی ٹیکنالوجی متعارف کرانے پر سراہا۔

انہوں نے کہا کہ جب جانور صحت مند ہوں گے اس سے صحت مند دودھ، گوشت اور دیگر اشیاء فراہم ہوں گے۔ اس موقع پر لائیو اسٹاک ریسرچ اسٹیشن کے ڈائریکٹر ڈاکٹر امان اللہ چیمہ نے کہا کہ اس ٹیکنالوجی کو تمام ملک میں پھیلایا جائے گا تاکہ کسانوں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ این اے آر سی میں بھی مزید مشینیں لگائی جائیں گی تاکہ کسانوں کی چارے کے لئے طلب کو پورا کیا جاسکے۔ اس موقع پر پی اے آر سی کے سابق چیئرمین ڈاکٹر محمد افضل، پی اے آر سی ممبر نیچرل ریسورسز ڈیوژن ڈاکٹر ندیم امجد، ممبر فنانس ظفر حسن رضا اور ادارے کے اعلی حکام موجود تھے۔ بعد میں سائنسدانوں اور دیگر تکنیکی اسٹاف کو ان کی شاندار کارکردگی پر نقدی انعامات بھی دیئے گئے۔