حکومت پنجاب اور پاک فوج کے تعاون سے محکمہ جیل خانہ جات میں بھرتی ہونیوالے07افسران ،12چیف وارڈر اور 989 وارڈران پر مشتمل دوسرے بیچ نے آزاد کشمیر رجمنٹل ٹریننگ سنٹر مانسر کیمپ ضلع اٹک میں تین ماہ کا بنیادی تربیتی کورس مکمل کر لیا

جمعہ 22 مئی 2015 14:52

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22مئی۔2015ء) حکومت پنجاب اور پاک فوج کے تعاون سے محکمہ جیل خانہ جات میں بھرتی ہونے والے07افسران ،12چیف وارڈر اور 989 وارڈران پر مشتمل دوسرے بیچ نے آزاد کشمیر رجمنٹل ٹریننگ سنٹر مانسر کیمپ ضلع اٹک میں تین ماہ کا بنیادی تربیتی کورس مکمل کر لیااور اس سلسلے میں گزشتہ روز پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد ہوا ۔تقریب کی صدارت کمانڈنٹ ٹریننگ سنٹر برگیڈیئر قدیم اقبال نے کی جبکہ مہمان خصوصی انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر تھے ۔

شاہد سلیم بیگ ڈپٹی انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات، راولپنڈی ریجن نے بھی تقریب میں شرکت کی ۔ تربیت مکمل کرنے والے جوانوں کے چاک و چوبند دستے نے مہمان خصوصی کو سلامی دی جسکی کمان چیف وارڈر محمد اسد نے کی ۔

(جاری ہے)

مہمان خصوصی نے پریڈ کا معائنہ کیا ۔اس سے قبل تربیت مکمل کرنے والے اہلکاران نے کورس کے مختلف شعبوں میں تربیت کا عملی مظاہرہ کیا ۔ مہمان خصوصی نے کورس کے مختلف شعبوں میں بہترین کارکردگی دکھانے والے اہلکاران میں انعامی شیلڈیں تقسیم کیں اور انکے لئے فی کس دس ہزار روپے نقد انعام کا اعلان بھی کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی جیل خانہ جات نے ملک میں سیکورٹی کی موجودہ صورتحال میں پیشہ ورانہ تربیت کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور اہلکاران پر اپنے فرائض منصبی پوری دیانتداری اور جذبہ حب الوطنی کے تحت سرانجام دینے پر زور دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ٹریننگ جیلوں کی اندرونی و بیرونی سکیورٹی کو مزید بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہو گی۔