کراچی میں پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں سے مقابلے میں 6 دہشتگرد ہلاک

جمعہ 22 مئی 2015 13:14

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22مئی۔2015ء) کراچی میں پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں سے مقابلے میں 6 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔کارروائیاں اتحاد ٹاؤن اور منگھو پیر میں کی گئیں۔ بلدیہ کے علاقے اتحاد ٹاؤن میں کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈپارٹمنٹ گارڈن اور قانون نافذ کرنے والے ادارے نے مشترکہ کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گردوں کو زخمی حالت میں گرفتارکر لیا جنھیں فوری طبی امداد کیلئے ہسپتال لے جایا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔

مقابلے کے دوران دہشت گردوں کی جانب سے پولیس پر دستی بم اور راکٹوں سے بھی حملے کیے گئے جب کہ دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ ، دستی بم اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔پولیس کے شعبہ انسداد دہشت گردی کے ڈی ایس پی علی رضا کے مطابق خفیہ اداروں کی نشاندہی پر پولیس نے بلدیہ ٹاوٴن میں چھاپہ مارا کارروائی کی اس موقع پر وہاں موجود دہشت گردوں نے مزاحمت کی اور فائرنگ کے تبادلے میں 4 شدت پسند ہلاک اور ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔

(جاری ہے)

ڈی ایس پی علی رضا نے ہلاک شدگان کی شناخت تو نہیں بتائی تاہم ان کا دعویٰ ہے کہ ان مبینہ شدت پسندوں کا تعلق طالبان کے عمر خراسانی گروپ سے تھا جو واہگہ بارڈر پر دھماکے میں ملوث تھے اور حال ہی میں کراچی آئے تھے۔رات گئے پولیس نے ہلاک دہشتگردوں کی لاشیں ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال پہنچائیں جب کہ دیگر ساتھی فرار ہوگئے۔ دوسری جانب منگھو پیر پولیس نے مقابلے کے دوران 2 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کر کے اسلحہ اور دستی بم برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے جب کہ مقابلے میں 2 پولیس اہلکار بھی زخمی ہوگئے، کراچی پولیس کے سربراہ نے پولیس پارٹی کے لیے ایک لاکھ روپے نقد انعام دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :