کوئٹہ،ایف سی کی گاڑی پر بم دھماکہ،3 اہلکاروں سمیت4 زخمی،ایک کی حالت تشویشناک

جمعہ 22 مئی 2015 13:09

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22مئی۔2015ء) کوئٹہ کے علاقے قمبرانی میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر ریموٹ کنٹرول بم دھماکے سے 3 ایف سی اہلکاروں سمیت4 افراد زخمی ہوگئے، ایک کی حالت تشویشنا ک بتائی جاتی ہے،میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعہ کے روز کوئٹہ کے علاقے قمبرانی میں سریاب روڈ پر ایف سی کی گاڑی معمول پر گشت پر تھی کہ اچانک سڑک کے قریب نصب بم زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 3 ایف سی اہلکاروں سمیت4 افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں ریسکیو حکام نے فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا ہے ،زخمیوں میں ایک اہلکار کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

ایس پی سریاب کے مطابق سریاب روڈ پر قائم ہوٹل کے قریب سڑک کنارے کے قریب کھڑے رکشے میں دھماکہ خیز مواد نصب کیا گیا تھا جونہی ایف سی گاڑی رکشے کے پاس سے گزری تو دھماکہ خیز مواد زوردار دھماکے سے پھٹ گیا جس سے 3 ایف سی اہلکارو ں سمیت 4 افراد زخمی ہوئے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کی گاڑی بھی مکمل طور پر تباہ ہوگئی،واقعہ کے ایف سی اور پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور پورے علاقے کو گھیرے میں لیکر دہشت گردوں کے خلاف سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے جس میں درجنوں افراد کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے جہاں ان سے پوچھ گچھ جاری ہے۔