ججز نظربندی کیس، سابق صدر مشرف کو میڈیکل رپورٹ جمع کرانے کا حکم

جمعہ 22 مئی 2015 12:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22مئی۔2015ء) اسلام آباد انسداد دہشتگردی کی عدالت نے ججز نظربندی کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کو میڈیکل رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت پانچ جون تک ملتوی کردی ۔جمعہ کے روز جسٹس سہیل اکرام نے سابق صدر پرویز مشرف کیخلاف ججز نظر بندی کیس کی سماعت کی ۔

(جاری ہے)

پرویز مشرف کے وکیل نے پیش ہو کر عدالت کو بتایا کہ سکیورٹی خدشات اور بیماری کے باعث پرویز مشرف عدالت میں پیش نہیں ہوسکتے اس حوالے سے کوئٹہ کی انسداد دہشتگردی کی عدالت نے بھی پرویز مشرف کو حاضری سے استثنیٰ دے چکی ہے لہذا گواہان کو طلب کرتے ہوئے کیس کو آگے بڑھائے اس پر پبلک پراسکیوٹر عامر ندیم تابش نے مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ پرویز مشرف مقدمہ کو سنجیدہ نہیں لے رہے اور ڈیڑھ سال سے عدالت میں پیش بھی نہیں ہورہے ۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ پرویز مشرف کی غیر موجودگی میں گواہان کو کیسے طلب کیاجاسکتا ہے بعد ازاں عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف کو حاضری سے استثنیٰ دیتے ہوئے میڈیکل رپورٹ عدالت میں جمع کرانے کا حکم دے دیا آئندہ سماعت پانچ جون تک ملتوی کردی گئی