لاہور، صوبائی ڈرگ پالیسی تیار کرنے کیلئے مشاورتی اجلاس

معیاری ادویات کی فراہمی یقینی اور ڈاکٹری نسخہ کے بغیر ادویات کی فروخت روکی جائے گی‘ خواجہ سلمان رفیق

جمعرات 21 مئی 2015 22:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21مئی۔2015ء) مشیر وزیر اعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ عوام کو معیاری ادویات کی فراہمی یقینی بنانے ، غیر معیاری ادویات کے کاروبار کے خاتمہ اور ڈاکٹری نسخہ کے بغیر لائف سیونگ ڈرگز کی فروحت کو رکوانے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے - انہوں نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد ادویات کی تیاری ، خام مال کی درآمد ، اس کی ٹیسٹنگ ،جعلی و غیر معیاری ادویات کی روک تھام ، ڈاکٹری نسخہ کے بغیر لائف سیونگ ڈرگز کی فروخت کے قوانین کا تفصیلی جائزہ لیکر صوبائی سطح پر حکمت عملی مرتب کی جائے گی - انہوں نے یہ بات گزشتہ روز صوبائی ڈرگ پالیسی تیار کرنے کے سلسلہ میں ایک مشاورتی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی - اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ڈرگ کنٹرول ڈاکٹر سہیل ثقلین ، سابق ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر نثار چیمہ ، چیف ڈرگ کنٹرولر ڈاکٹر ذکاء الرحمن ، ڈائریکٹر ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری(DTL) ، ڈاکٹر جمیل، سیکرٹری پنجاب فارمیسی کونسل چوہدری محمد شمعون اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے افسران نے شرکت کی - اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ڈرگ کنٹرول ڈاکٹر سہیل ثقلین نے پنجاب ڈرگ پالیسی بارے ڈرافٹ سٹرٹیجی پر بر یفنگ دی - اجلاس میں PITB نے جعلی و غیر معیاری ادویات کنٹرول میکنزم اور ڈرگ انسپکٹرز کی کارکردگی کی مانیٹرنگ کے ماڈیولز بارے بریفنگ دی - خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ صوبائی سطح پر ڈرگ پالیسی کی تیاری کے سلسلہ میں پاکستان فارماسیوٹیکل مینو فیکچرز ایسوسی ایشن (PPMA) اور دیگر سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے گی - خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ صوبائی حکومت، ڈرگ ریگولیٹر ی اتھارٹی (DRA) اور دیگر متعلقہ اداروں کو صورتحال کی درستگی ، ادویات کی تیاری، رجسٹریشن ، قیمتوں کے تعین اور غیر معیاری ادویات کی روک تھام کے سلسلہ میں اپنی تجاویز اور معاونت فراہم کر سکتی ہے - انہوں نے کہا کہ مسائل کبوتر کی طرح آنکھیں بند کرنے سے حل نہیں ہوں گے بلکہ اس کے لئے قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہو گا- خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ اس سلسلہ میں موجودہ قوانین کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا - انہوں نے کہا کہ ٹیکنیکل ماہرین سے مشاورت اور ان کی IN-Put سے بہتر فیصلے کرنے میں مدد ملے گی - انہوں نے 10 دن کے بعد دوبارہ اجلاس بلانے کی ہدایت کی - خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ سسٹم کو درست کرنے کے لئے سخت اکاؤنٹیبلٹی کا نظام متعارف کرانے کی ضرورت ہے -

متعلقہ عنوان :