کراچی: نیٹو کے کنٹینرز سے 30 لاکھ ڈالر کا سامان چوری

ایساف کے 22 کنٹینرز سے 18ہیوی ڈیوٹی جنریٹرز کی چوری ۔ کسٹمز نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی

جمعرات 21 مئی 2015 22:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21مئی۔2015ء) افغانستان سے نیٹو فورسز کی مرحلہ وار واپسی کے ساتھ ساتھ ان کے زیر استعمال سامان بھی واپس لے جایا جا رہا ہے۔ فورسز کے استعمال میں رہنے والے 18ہیوی ڈیوٹی جنریٹرز اور آلات کی کھیپ 22ریورس کنٹینرز کے ذریعے افغانستان سے دبئی روانہ کی جانی تھی۔ کنٹینرز میں لے جائے جانے والے سامان کی تفصیل باڑہ مارکیٹ پشاور میں جمع کرائی گئی جس میں سامان کی مالیت 30لاکھ ڈالرز بتائی گئی۔

(جاری ہے)

ریورس کنٹینرز کو پاکستان کے زمینی راستے کراچی پورٹ تک لایا گیا۔ یہاں ڈائیکٹوریٹ جنرل آف ٹرانزٹ ٹریڈ نے خفیہ اطلاعات پر پاکستان انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل پر کنٹینرز کا معائنہ کیا تو یہ راز کھلا کے 22کنٹینرز خالی ہیں۔ محکمہ کسٹم نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے۔ اطلاعات کے مطابق افغانستان سے نکلنے پر کنٹینرز کی تصویریں لی گئی تھیں جب وہ مال بردار تھے۔ اس لئے شبہ ہے کہ سامان ظورخم اور کراچی پورٹ کے درمیان چوری کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :