پاکستان کا مستقبل نوجوانوں سے وابستہ ہے ، تحریک انصاف ملک میں نوجوانوں کیلئے امید کی واحد کرن ہے ، ملک کے تمام حصوں میں نوجوانوں کی تحریک انصاف میں شمولیت اس کی مقبولیت کا منہ بولتا ثبوت ہے

تحریک انصاف کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل سیف اﷲ نیازی کی پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے نوجوانوں سے گفتگو

جمعرات 21 مئی 2015 21:33

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21مئی۔2015ء ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل سیف اﷲ خان نیازی نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل نوجوانوں سے وابستہ ہے ، تحریک انصاف واحد جماعت ہے جو ملک میں نوجوانوں کیلئے امید کی واحد کرن ہے ، وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے تمام حصوں میں نوجوانوں کی تحریک انصاف میں شمولیت اس کی مقبولیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

وہ جمعرات کو یہاں تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے والے نوجوانوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے ۔راجہ ندیم عباسی، راجہ شاہد مصطفی ، راجہ شیرانی کیانی، عامر قریشی،جلال بچلانی ، ملک رفیق اور دیگرنے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی۔ سیف اﷲ نیازی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے گزشتہ انتخابات میں نوجوانوں کو بڑی تعداد میں انتخابات میں حصہ لینے کے مواقع فراہم کیے ملک بھر میں آئندہ بلدیاتی انتخابات کے دوران بھی تحریک انصاف نوجوان سیاسی کارکنان کی حوصلہ افزائی کرے گی اور انہیں ملک میں تعمیری سیاست میں حصہ لینے کے بھرپور مواقع فراہم کرے گی ۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کے رہنما علی نواز نے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو خوش آمدید کہا اور عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان کے قیام کیلئے جاری تحریک میں بڑھ چڑھ کر کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔