شب برات سے قبل قبرستانوں ، مساجد و امام بارگاہوں اور ان کے اطراف سے تمام تجاوزات ختم کی جائیں، کمشنرکراچی

جمعرات 21 مئی 2015 21:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21مئی۔2015ء)کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے تمام متعلقہ حکام کو آگاہ کیا کہ اس ماہ شعبان کی مقدس رات شب برات سے قبل قبرستانوں ، مساجد و امام بارگاہوں اور ان کے اطراف سے تمام تجاوزات ختم کر دیئے جائیں ان کی صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا جائے جبکہ قبرستانوں اور عبادت گاہوں کی حفاظت کیلئے غیر معمولی انتظامات کیلئے پولیس اور دیگر قانون نافذ کر نے والے اداروں سے بھرپور تعاون کیا جائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں مختلف سرکاری کے افسران سے ملاقات کے دوران کیا ، انہوں نے ہدایت دی کہ تمام ضلعی انتظامیہ اپنے اپنے علاقوں ، قبر ستانوں ، مساجد ،امام بارگاہوں اور دیگر عبادت گاہوں کے باہر سے تجاوازت کو ختم کروائیں اور اس ماہ کی مقدس رات 15شعبان سے قبل قبرستانوں میں صفائی ستھرائی اور پانی کی دستیابی کو یقینی بنائیں تاکہ شہریوں کو اپنے پیاروں کی قبروں پر جا کر فاتحہ خوانی کر نے میں کسی بھی قسم کی پریشانی نہ اٹھانی پڑے ،کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی ہدایت دی کہ قبرستانوں،مساجد وامام بارگاہوں کی حفاظت کے لئے غیر معمولی انتظامات کئے جائیں اور اس ضمن میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کر نے والے اداروں سے بھرپور تعاون کیا جائے انہوں نے مزید کہا کہ 15شعبان کو بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہ کر نے کیلئے کے الیکٹرک حکام سے درخواست کی جائے گی تاکہ عوام پرسکون انداز میں اپنی عبادات کے فرائض انجام دے سکیں۔