کراچی کو کربلا بنانے والے اب اندرون سندھ کی عوام کو بھی پیاسا مارنا چاہتے ہیں ، جمال صدیقی

رمضان المبارک سے قبل بجلی ،پانی کی قلت کو ختم نہ کیا گیا تو حکومت کیخلاف شدید احتجاج ،دھرنوں کا سلسلہ شروع کیا جائیگا

جمعرات 21 مئی 2015 21:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21مئی۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے سیکرٹری اطلاعات جمال صدیقی نے کہا ہے کہ کراچی کو کربلا بنانے والے اب اندرون سندھ کی عوام کو بھی پیاسا مارنا چاہتے ہیں ، عوامی حکومت کی دعویدار عوام پر ہر طرح کے ظلم توڑ کر چین کی بانسری بجا رہی ہے ۔ رمضان المبارک سے قبل بجلی اور پانی کی قلت کو ختم نہ کیا گیا تو حکومت کے خلاف شدید احتجاج اور دھرنوں کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔

صوبائی میڈیا سیل سے جاری ایک بیان میں سندھ کے سیکرٹری اطلاعات جمال صدیقی نے کہا کہ پاکستان کے معاشی حب کراچی میں مسائلوں کے انبار لگے ہوئے ہیں اور عوام پریشانی کی کیفیت میں کسی مسیحا کی منتظر ہے، صوبائی حکومت عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور ان کے مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام رہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی کے ساتھ ساتھ پورے صوبے میں بجلی اور پانی کی قلت نے عوام کا دیوالیہ نکال دیا ہے ، حیدر آباد ، بدین ، میر پور خاص ، کوٹھری ، دادو سمیت دیگر شہروں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ 10سے 12گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں 12سے 16گھنٹے عوام اس بنیادی نعمت سے محروم ہیں جبکہ اسپتالوں میں بجلی کی عدم دستیابی سے درجنوں آپریشن کے التواء سے نہ صرف مریضوں کو دوہری اذیت کا سامنا ہے بلکہ ان کی زندگیوں کو بھی خطرات لاحق ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ائیرکنڈیشنز کمروں اور گاڑیوں میں بیٹھنے والے حکمرانوں نے عوام کو جس عذاب میں ڈال رکھا ہے اب عوام اپنے بنیادی حق کے لیے سڑکوں کا رخ کرینگے۔ انہوں نے حکومت کو متنبہ کیا کہ اگر رمضان المبارک سے قبل بجلی اور پانی کے نظام کو درست نہ کیا گیا تو پورے سندھ میں حکومت مخالف احتجاج اور دھرنوں کا سلسلہ شروع ہوجائے گا ۔