سابق وفاقی حکومتوں نے گلگت بلتستان کے عوام کو محرومی کے سوا کچھ بھی نہیں دیا ‘علامہ راجہ ناصر عباس

پورے ملک میں سب سے زیادہ محب و طن گلگت کے لوگ ہیں یہاں کے لوگوں کی حب الوطنی مثالی ہے ماضی میں لسانی ، مسلکی اور علاقائی تعصبات کے ذریعے عوام کو تقسیم کیے رکھا انہیں اپنے حقوق کیلئے متحد ہونے نہیں دیا گیا ‘سربراہ مجلس وحدت مسلمین

جمعرات 21 مئی 2015 21:23

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21مئی۔2015ء ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری مجلس وحدت مسلمین کے ذمہ داران سے گلگت بلتستان الیکشن کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابقہ وفاقی حکومتوں نے گلگت بلتستان کے عوام کو محرومی کے سوا کچھ بھی نہیں دیا ، انتخابات کے دنوں میں وفاقی جماعتیں ماضی میں اعلانات کرتی رہیں اور حکومت بنانے کے بعد موڑ کے نہیں دیکھا اور یہاں کے وسائل لوٹنے رہے ۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے حقوق سے محروم عوام پر ہونی والی سب سے بڑی زیادتی تشخص نہ ملنا اور انکے حب الوطنی کو شک کی نگاہ سے دیکھنا ہے ، پورے ملک میں سب سے زیادہ محب و طن یہاں کے لوگ ہیں یہاں کے لوگوں کی حب الوطنی مثالی ہے ، گلگت بلتستان کے عوام کو آئینی حقوق سے محروم رکھنا اور یہاں کے عوام کی حب الوطنی کو شک کی نگاہ سے دیکھنا پاکستان سے غداری کے مترادف ہے۔

(جاری ہے)

یہاں پر بیوروکریسی اور وفاقی سیاسی جماعتوں نے متعصبانہ سلوک کیا ۔ ہم چاہتے ہیں کہ یہاں کے حقوق سے محروم عوام کو انکا آئینی حق مل جائے ، انکو تشخص مل جائے، یہاں کے وسائل کو یہاں کے عوام پر خرچ ہو ۔ ماضی میں لسانی ، مسلکی اور علاقائی تعصبات کے ذریعے عوام کو تقسیم کیے رکھا اور انہیں اپنے حقوق کے لیے متحد ہونے نہیں دیا گیا ہم چاہتے ہیں کہ گلگت بلتستان میں لسانی ، علاقائی اور مسلکی تعصبات دفن ہو ں تمام مکاتب فکر مل کر عوامی حقوق کے لیے جدوجہد کرے یہاں کے عوام کی معیار زندگی بلند ہوں اور یہاں سے پاکستان میں امن و اتحاد کا پیغام جا ئے۔

یہ خطہ مضبوط ہو تاکہ پاکستان کا دفاعی خطہ مضبوط ہو یہ خطہ مضبوط ہو تاکہ پاکستان کا اکنامک ہب مضبوط ہو ، یہ خطہ مضبوط ہو تاکہ اس وطن کے حقیقی بیٹوں کو جنہوں نے یہ خطہ آزاد کر ا کے پاکستان کے ساتھ الحاق کیا ہے انکو انکا حق ملے۔ اب وقت آچکا ہے یہاں کی عوام کو ہشیاری دکھانے کا ۔ وفاقی جماعت اپنے مکارانہ اور دیرانہ حربے کے ذریعے یہاں پر حکومت بنانے اور وسائل پر قبضہ کرنا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کے گلگت بلتستان میں دورہ جات، گورنر کی تقرری ، گورنر کے دورہ جات اور اعلانات قبل ازانتخابات دھاندلی ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) ریاستی جبر کے ذریعے انتخابات کو یرغمال کرنا چاہتی ہے انہیں اس بات کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی ۔ریاستی ادارے ، حساس ادارے، قانون نافذ کرنے والے قبل ازا نتخابات دھاندلی کرنے روکیں اور شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے کردار ادا کرے۔