رمضان المبارک میں تجارتی مراکز میں حفاظتی انتظامات کے تحت پولیس کی اضافی نفری تعینات کی جائیگی، غلام قادر تھیبو

عید کی روایتی خریداری ،رونقوں کی بحالی کیلئے ہر ممکن اقدامات کرینگے، عید کی خوشیوں پر بدامنی کا سایہ نہیں پڑنے دینگے،ایڈیشل آئی جی کراچی

جمعرات 21 مئی 2015 21:14

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21مئی۔2015ء) ایڈیشل آئی جی پی کراچی غلام قادر تھیبو نے تاجروں کو یقین دلایا ہے کہ رمضان المبارک میں تجارتی مراکز میں حفاظتی انتظامات کے تحت پولیس کی اضافی نفری تعینات کی جائیگی، عید کی روایتی خریداری اور رونقوں کی بحالی کیلئے ہر ممکن اقدامات کرینگے، عید کی خوشیوں پر بدامنی کا سایہ نہیں پڑنے دینگے، اسٹریٹ کرائم، دہشت گردی اور تخریب کاری کی روک تھام کے تحت اپنے تمام تر وسائل کو بروئے کار لائینگے جبکہ عید کی شاپنگ کے حوالے سے معروف مارکیٹوں میں خصوصی حفاظتی اقدامات کیئے جائینگے، حساس تجارتی علاقوں کے تھانوں کو زیادہ سہولتیں اور وسائل فراہم کرینگے، رمضان المبارک کے آخری عشرے میں شاپنگ سینٹرز سیکوریٹی اداروں کی تمام تر توجہ کا مرکز ہونگے، جمعرات کو آل کراچی تاجر اتحاد کے دفتر واقع آرام باغ فرنیچر مارکیٹ میں انھوں نے تاجروں سے خصوصی ملاقات میں امید ظاہر کی ہے کہ حالات میں بہتری کے باعث رواں سال ماہِ مقدس میں امن و امان کی صورتحال گذشتہ سال سے بھی زیادہ بہتر ہوگی، اس موقع پر ڈی آئی جی ساؤتھ ڈاکٹر جمیل احمد، ایس ایس پی سٹی فدا حسین، ایس پی صدر رئیس عبداغنی، ڈی ایس پی آرام باغ محمد اعظم ، عتیق میر، انصار بیگ قادری، طارق ممتاز، زبیر علی خان، عبدالغنی اخوند، احمد شمسی، شیخ محمد عالم،سمیع اﷲ خان، سید شرافت علی، شاکر فینسی، میر عبدالحئی خان،محمد آصف ، دلشاد بخاری، عبدالقادر، محمد عارف، عرفان ﷲ، شاہد شمسی، شبیر، نسیم احمد، حبیب اﷲ نیازی،یوسف خان، طیب علی۔

(جاری ہے)

حماد شیخ، اور تاجروں کی بڑی تعداد موجود تھی، ڈی آئی جی جنوبی ڈاکٹر جمیل احمد نے ماہِ رمضان میں پولیس کے ذمے دار افسران اور تاجر نمائیندگان پر مشتمل ویجیلینس کمیٹی کے قیام کا بھی اعلان کیا جو تھانہ انچارج اور تھانے کے عملے کی کارکردگی پر نظر رکھے گی اور پولیس کے خلاف عوام و تاجروں کی شکایات کا ازالہ کریگی، انھوں نے کہا کہ رمضان المبارک سے قبل تاجروں و پولیس افسران کے مابین تجاویز و مشاورت اور ملاقاتوں کا باقاعدہ سلسلہ جاری رہیگا اور پولیس کے اعلیٰ افسران گاہے بہ گاہے مارکیٹوں کا دورہ کرکے سیکوریٹی کی صورتحال معلوم کرتے رہینگے، ایس ایس پی جنوبی فدا حسین نے تاجروں کو یقین دلایا کہ بھتہ اور دھمکی آمیز کالوں کی روک تھام کیلئے شکایت کنندگان کی بھرپور مدد کی جائیگی اور تاجروں کو ہراساں کرنے والے مجرموں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائیگا، عتیق میر نے اعلان کیا کہ رمضان المبارک میں تاجروں پر مشتمل اسپیشل فورس بنائی جائیگی جنھیں آل کراچی تاجر اتحاد کے یونیفارم فراہم کیئے جائینگے جوکہ مارکیٹوں میں حفاظتی ڈیوٹی کے فرائض کی ادائیگی کے علاوہ ماہِ رمضان میں سیکوریٹی اداروں کی معاونت اور مدد کرینگے، انھوں نے کہا کہ بدقسمتی سے رمضان المبارک میں ہر قسم کے جرائم کی شرح200فیصد تک بڑھ جاتی ہے جس کی روک تھام میں تمام ادارے ناکام ہوجاتے ہیں انھوں نے کہا کہ رمضان میں لاقانونیت کی بدترین صورتحال پر قابو پانے کیلئے سیکوریٹی اداروں کے تمام اعلیٰ افسران کو عملی طور پر بھی تجارتی مراکز کی نگرانی کرنی ہوگی اور اپنے ماتحت افسران و عملے کو ذمے داریوں کی ادائیگی کے تحت سخت ہدایات جاری کرنی ہونگی۔