اپنے محلات میں پر آسائش زندگی گزارنیوالے طبقے کو صوبائی حکومت کی تبدیلی نظر نہیں آئیگی،پرویزخٹک

صوبے کے عام نچلے ،درمیانے طبقوں سے تعلق رکھنے والے عوام خیبرپختونخوا حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں،وزیراعلی خیبرپختونخوا

جمعرات 21 مئی 2015 21:14

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21مئی۔2015ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہاہے کہ خیبرپختونخوا کے عام لوگ صوبائی حکومت کی کارکردگی پر خوش اور مطمئن ہیں کیونکہ صوبائی حکومت نے عام آدمی کی آسانی اور اسے حق اور انصاف کی فراہمی کیلئے جو اقدامات کئے ہیں وہ عوام ہی محسوس کر سکتے ہیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت کے بارے میں عام لوگوں کی حقیقی آراء کا صحیح اندازہ ا نہیں خیبرپختونخوا ریڈیو کے پروگرام" چیف منسٹر آن لائن" میں عام لوگوں سے فون پر براہ راست بات چیت سے ہوا پختونخوا ریڈیو کے خصوصی پروگرام " چیف منسٹر آن لائن" میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ صوبے کے عام نچلے اور درمیانے طبقوں سے تعلق رکھنے والے عوام خیبرپختونخوا حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں کیونکہ اُنہوں نے گزشتہ حکومتوں اور پی ٹی آئی کی موجودہ اتحادی حکومت میں واضح فرق کو محسوس کیا ہے اُنہوں نے کہا کہ اپنے محلات میں پر آسائش زندگی گزارنے والے طبقے کو صوبائی حکومت کی تبدیلی نظر نہیں آئے گی کیونکہ اس طبقے کو عام اور غریب آدمی کی مشکلات کا سرے سے اندازہ اور احساس ہی نہیں ہے اُنہوں نے کہا کہ ہم نے پولیس ، پٹوار خانوں اور سکولوں وغیرہ کو عام لوگوں کیلئے ٹھیک کیا اور سرکاری محکموں سے رشوت و سفارش اورکرپشن کے خاتمے کیلئے قانون سازی اور دیگر سخت اقدامات بھی عام لوگوں کی بہتری کیلئے کئے ہیں اُنہوں نے کہا کہ محلوں میں زندگی بسر کرنے والوں کو سرکاری خزانے کی چوری، کرپشن اور سمگلنگ ختم کرنے پر اس لئے تکلیف ہے کہ اُنہوں نے بڑے بڑے محل اسی چوری اور سمگلنگ سے کھڑے کئے ہیں اور اب وہ اسی بناء پر صوبائی حکومت کی کارکردگی پر تنقید کر رہے ہیں تاہم وزیراعلیٰ نے کہا کہ اُنہیں اس طرح کی تنقید کی کوئی پرواہ نہیں اور وہ عام لوگوں کی حکومت کے بارے میں رائے کو زیادہ اہمیت دیتے ہیں اُنہوں نے کہا کہ عوامی رائے سے ہی ہمیں اپنی کارکردگی کا صحیح پتہ چلتا ہے اور صوبائی حکومت کی دوسالہ کارکردگی پر عوام کی جو رائے سامنے آئی ہے ہم اس پر بہت خوش اور مطمئن ہیں اس سے قبل پختونخوا ریڈیو کے پروگرام میں بھی سامعین کی ٹیلی فون کالوں کا جواب دیتے ہوئے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہا کہ اگر صوبے کے عام لوگ محسوس کرتے کہ موجودہ صوبائی حکومت کے دور میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے تو وہ خود کو وزارت اعلیٰ کا اہل نہ سمجھتے اُنہوں نے کہاکہ تبدیلی ہماری حکومت کا واحد ایجنڈا ہے اور اسی ایجنڈے کے تحت اصلاحات، قانون سازی، گڈ گورننس، شفافیت، اداروں کے استحکام و خود مختاری، اختیارات کی منتقلی، سرکاری اُمور میں نجی شعبے کی شراکت اور متعدد دیگر اقدامات کئے گئے ہیں جن کے مثبت اور مطلوبہ نتائج سامنے آئے ہیں اور ان اقدامات سے عوام نے سکھ کا سانس لیا ہے اُنہوں نے کہا کہ رشوت، سمگلنگ، کرپشن ، بدانتظامی، تجاوزات کا خاتمہ اور سکولوں، ہسپتالوں اور دفاتر میں غیر حاضری کا خاتمہ بھی انہی اقدامات سے ممکن ہوا ہے اُنہوں نے کہا کہ 30 ارب روپے کی لاگت سے صوبائی دارلحکومت پشاور میں سڑکوں، بازاروں، سیوریج، سٹریٹ لائٹس، ٹریفک نظام، خوبصورتی، صفائی اور پارکوں کی بحالی و تعمیر کا 80 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے جس پر پشاور کے شہریوں کے اطمینان کے علاوہ باہر سے آنے والے لوگ بھی متاثر ہو رہے ہیں وزیراعلیٰ نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ سرکاری محکموں اور خدمات کے بارے میں کسی بھی قسم کی شکایت کے بارے میں وزیراعلیٰ شکایات سیل کو ضرور آگاہ کریں اوریہ شکایات ردی کی ٹوکری میں ہر گز نہیں جائیں گی بلکہ ان شکایات پر فوری کاروائی ہو گی اُنہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے محسوس کیا ہے کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے بغیر کرپشن کا مکمل خاتمہ ممکن نہیں ہو گا اس لئے ہم نے کسی مطالبے کے بغیر گریڈ ایک سے 14 تک ملازمین کے سکیلوں کو اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور افسران کی تنخواہیں دو سے تین گنا بڑھانے کی تجویز پر سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں اُنہوں نے کہا کہ مالی وسائل کی کمی کے باعث یہ ایک مشکل کام ہو گا لیکن ہم کرپشن کے خاتمہ کیلئے اپنے عزم سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے بارے میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت نے لوڈ شیڈنگ کیلئے پیسکو کا تیار کردہ شیڈول مستر د کردیا ہے اور صوبے کے حصے کی پوری بجلی کا مطالبہ کیا ہے جس سے لوڈ شیڈنگ آدھی رہ جائے گی وزیراعلیٰ نے ٹیلی فون کالوں کے جواب دیتے ہوئے محکمہ ایکسائز میں غیر حاضری، چارسدہ میں منشیات فروشی، شانگلہ کے سرکاری سکول میں ٹیچرز کی کمی اور پولیس کے قبضے ، اپر اور لوئر دیر میں کالجوں کی کمی، کاشتکاروں کو قرضوں کی فراہمی، شاہین ٹاؤن میں بند روڈ کی بحالی ، ٹریفک نظام، دل جان پلازہ کی دکانوں کی بندش، سوات میں ادویات کے معیار اور قیمتوں سے متعلق شکایات دور کرنے کیلئے موثر اقدامات کا یقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :