الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کیلئے انتخابی فہرستوں کے ڈسپلے میں 30مئی تک توسیع کر دی ،شیڈول آئندہ ماہ جاری ہو گا

جمعرات 21 مئی 2015 21:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21مئی۔2015ء) الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کیلئے انتخابی فہرستوں کی تیاری کے سلسلے میں فہرستوں کے ڈسپلے میں 30مئی تک کی توسیع کر دی ، بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جون تک جاری کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ قبل ازیں فہرستوں کے ڈسپلے کی تاریخ آج ختم ہو رہی تھی، کمیشن نے زیادہ سے زیادہ شہریوں کے اندراج کو یقینی بنانے کیلئے تاریخ میں توسیع کی ہے، اب وفاقی دارالحکومت کے ووٹرز اور امیدواروں کو اپنے ووٹوں کے اندراج اور حلقہ بندیوں کے مطابق فہرستوں میں درستگی کیلئے مزید 9دن فراہم کئے ہیں، اب اسلام آباد کے 21ڈسپلے سنٹرز میں ووٹرز کی ابتدائی فہرستیں 30مئی تک آویزاں رہیں گی، شیڈول کے اعلان کے بعد ووٹرز لسٹیں منجمند کر دی جائیں گی اور ان میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی نہیں کی جاسکے گی۔

واضح رہے کہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات 30جولائی تک متوقع ہیں۔