ڈی جی اے این ایف میجر جنرل خاور حنیف کی زیر صدارت راولپنڈی ہیڈ کوارٹرز میں علاقائی کمانڈروں کا اجلاس

جمعرات 21 مئی 2015 21:01

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21مئی۔2015ء)اے این ایف کے علاقائی کمانڈروں کا اجلاس21 مئی 2015 کو اے این ایف ہیڈ کوارٹر راولپنڈی میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت ڈائریکٹر جنرل اے این ایف میجر جنرل خاور حنیف نے کی۔ اجلاس میں تمام علاقائی کمانڈروں اور اعلیٰ سٹاف افسران نے شرکت کی ۔ اجلاس کے دوران نفاذِ قانون ، انٹیلی جنس ، تفتیشِ اثاثہ جات، محکمانہ قانونی چارہ جوئی اور دیگر مالی و انتظامی امور زیرِ بحث لائے گئے۔

نیزمستقبل کے اہداف بھی مقرر کئے گئے ۔پوست کے خاتمے کے لئے سروے ، جدید اقدامات اور محکمہ کی استعداد بڑھانے کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دی گئی اوران کو عملی جامہ پہنانے کے لئے وقت کے تعین کی وضاحت کی گئی۔اے این ایف ہیڈکوارٹر میں منعقد کردہ اس سرگرمی کے علاوہ پیشہ ورانہ محکمانہ کاروائیاں معمول کے مطابق جاری رہیں اور منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کی گئی 6کاروائیوں میں 526کلوگرام چرس ، 1 کلوگرام ایمفیٹا مائن (آئس) اور95 گرام ہیروئن بر آمد کی گئی ۔

(جاری ہے)

برآمد کردہ منشیات کی مالیت عالمی منڈی میں تقریباً 1ارب ساڑھے 26کروڑ روپے بنتی ہے۔ ان کاروائیوں کے دوران منشیات کی سمگلنگ میں ملو ث 6 افراد کو گرفتا ر کیا گیا اور 3 گاڑیاں قبضے میں لے لی گئی،واقعات کے مطابق، اے این ایف راولپنڈی نے ایک خفیہ اطلاع پرملاں منصور ٹول پلازہ ،جی ٹی روڈ ،اٹک کے قریب ایک گاڑی رجسٹریشن نمبر۔LES-8610 ٹویوٹا ہائی ایس کو روک کر اس کی تلاشی لی اور گاڑی کے خفیہ خانوں میں نہایت مہارت سے چھپائی گئی 20 کلو گرام چرس برآمد کرلی۔

گاڑی میں سوار ملزم نوشاد خان سکنہ پشاور کو موقع پر گرفتار کر لیا۔اطلاعات کے مطابق ملزم یہ منشیات پنجاب سمگل کررہا تھا،اے این ایف راولپنڈی ٹیم نے 2 مقامی منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 3.9 کلو گرام چرس برآمد کرلی۔گرفتار ملزمان میں راجہ شدران اور وقاص احمد ساکنان راولپنڈی شامل ہیں۔ملزمان کو کھنہ پل اسلام آباد کے قریب سے گرفتار کیا گیاجب وہ منشیات فراہمی کی غرض سے قریبی علاقے میں جارہے تھے،اے این ایف لاہور ایئرپورٹ ٹیم نے علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئرپورٹ کے کارگو ٹرمینل پر واقع ڈی ایچ ایل ،کورئیر سروس کے آفس سے برطانیہ بھیجا جانے والا پارسل قبضے میں لیکر اس میں چھپائی گئی 95 گرام ہیروئن برآمد کرلی جو زیورات کے ڈبے میں نہایت مہارت سے چھپائی گئی تھی ۔

اس سلسلے میں مزید پیش رفت جاری ہے،اے این ایف لاہور ایئرپورٹ ٹیم نے معمو ل کے چیکنگ کے دوران علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر دوران تلا شی دومشتبہ افراد محمد بخش اور محمد شعیب ساکنان میانوالی کے ٹرالی بیگزمیں نہایت مہارت سے چھپائی گئی 500/500گرام ایمفیٹامائن )آئس)علیحدہ علیحدہ برآمد کرلی،جس کی مجموعی مقدار 1 کلو گرام ایمفٹامائن )آئس)بنتی ہے۔

ملزمان شاہین ایئر لائن کی پرواز نمبر NL-717سے سعودی عرب روانہ ہو نا چاہتے تھے ،اے این ایف پشاورنے ایک خفیہ اطلاع پر پشاور کے علاقے رنگ روڈکے قریب سپین واری میں ایک آ َپریشن کے دوران ایک غیر آباد عمارت سے 310 کلو گرام چرس برآمد کرلی۔ اطلاعات کے مطابق اس جگہ کو منشیات کے اڈے کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا اور یہ منشیات ملک کے مختلف علاقوں میں سپلائی کی جانی تھی،اے این ایف بلوچستان نے ایک خفیہ اطلاع پر تحصیل و ضلع پنجگور کے علاقے تربت روڈ باب آجوئی میں ایک گاڑی ٹویوٹا ہاایکس سنگل کیبن کو مشکوک جان کر اس تلاشی لی اور اس کے خفیہ خانوں میں نہایت مہارت سے چھپائی گئی 192 کلو گرام چرس برآمد کرلی۔

گاڑی میں سوارملزم کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق مذکورہ منشیات محفوظ مقام پر منتقل کئے جانے کے بعد بیرونِ ملک سمگل کی جانی تھی،تمام زیرِ حراست ملزمان کے خلاف اے این ایف پولیس اسٹیشنز میں مقدمات درج کر لئے گئے۔