مصر کے منتخب جمہوری صدر ڈاکٹر محمد مرسی اور اُن کے ساتھیوں کو نام نہاد فوجی عدالت کی سزائے موت سنائے جانے کیخلاف (آج)آبپارہ چوک اسلام آباد میں ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ ہوگا

امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی شمس الرحمان سواتی کا ہنگامی اجلاس سے خطاب

جمعرات 21 مئی 2015 21:01

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21مئی۔2015ء) امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی شمس الرحمان سواتی نے کہا کہ مصر کے منتخب جمہوری صدر ڈاکٹر محمد مرسی اور اُن کے ساتھیوں کو نام نہاد فوجی عدالت کی طرف سے سزائے موت سنائے جانے کے خلاف22 مئی بروز جمعتہ المبارک 5 بجے سہ پہر آب پارہ چوک اسلام آباد میں ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ ہوگا۔ جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کریں گے۔

راولپنڈی سے بھی عوام بڑی تعداد میں شریک ہوں گے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روز ایک ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں اسلام آباد میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی قیادت میں ہونے والے مظاہرے میں شرکت کی تیاریوں اور انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

شمس الرحمان سواتی نے ضلع بھر کے کارکنان کو ہدایت کی ہے کہ وہ5 بجے سہ پہر آب پارہ چوک اسلام آباد پہنچیں۔

انہو ں نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹرسراج الحق پاکستانی عوام ہی نہیں بلکہ عالم اسلام کی ترجمانی کریں گے۔مسلم حکمران مصر میں انصاف کے قتل عام کے خلاف اپنی مجرمانہ خاموشی کو توڑیں۔شمس الرحمان سواتی نے کہا کہ اقوام متحدہ ٗ مہذب اقوام اور عالمی انسانی حقوق کی تنظیمیں مصر میں ہونے والے ظلم و بربریت اور ظالمانہ سزاؤں کے خلاف کیوں خاموش ہیں؟