اسٹیڈیم آنیوالے شائقین جاری کئے ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل پیرا رہیں ‘ بورڈ ،سکیورٹی حکام

شناخت کے لئے نادرا کی موبائل وینز بھی موجود ہونگی،ٹکٹ کیساتھ آنے والے کسی بھی شخص کو شک ہونے پر شناختی کارڈ کی تصدیق کے بعد ہی داخلے کی اجازت ملے گی

جمعرات 21 مئی 2015 20:48

اسٹیڈیم آنیوالے شائقین جاری کئے ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل پیرا رہیں ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21مئی۔2015ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ اور سکیورٹی اداروں نے اسٹیڈیم آنے والے شائقین کرکٹ کو ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل پیرا ہونے کی ہدایات جاری کی ہیں ،پریشانی سے بچنے کیلئے میچ دیکھنے آنے والوں کو اصل شناختی کارڈ کے ہمراہ مقررہ وقت سے کافی پہلے اسٹیڈیم پہنچنے کا کہا گیا ہے جبکہ شناخت کیلئے نادرا کی موبائل وینز بھی موجود ہونگی۔

بتایا گیا ہے کہ بورڈ اور سکیورٹی اداروں نے پاکستان اور زمبابوے کے درمیان کرکٹ مقابلوں کے موقع پر کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے بچنے کے لئے جاری کئے جانے والے ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد کرانے کا فیصلہ کیا ہے ۔شائقین سے کہا گیا ہے کہ وہ سخت سکیورٹی انتظامات کی وجہ سے کسی بھی پریشانی سے بچنے کے لئے مقررہ وقت سے کافی پہلے اسٹیڈیم پہنچیں ۔

(جاری ہے)

شائقین کرکٹ کی شناخت کے لئے نادرا کی موبائل وینز انٹری پوائنٹس پر موجود ہوں گی،ٹکٹ کے ساتھ بھی آنے والے کسی بھی شخص پرشک ہونے پراسکے شناختی کارڈ کی تصدیق کے بعد ہی اسے اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ملے گی۔ کسی بھی قسم کی ٹمپرنگ ثابت ہونے پر اسے گرفتار کرلیا جائے گا۔ ایک شناختی کارڈ کی تصدیق کے لئے کمپیوٹر ڈیٹا دیکھنے میں تین منٹ تک کا وقت لگ سکتا ہے۔

شائقین کرکٹ سے کہا گیا ہے کہ وہ سکیورٹی کے باعث روٹ بند ہونے سے متعلق آگاہی حاصل کریں کیونکہ تاخیر کا شکار ہونے والے شائقین کو اندر داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ میچز ختم ہونے کے بعد بھی کھلاڑیوں کی بسوں کی روانگی کے بعد عوام کو واپسی کا راستہ دیا جائے گا۔ شائقین کرکٹ پرگراؤنڈ میں کھانے پینے کی ٹھوس اشیالانے پر پابندی ہوگی۔

متعلقہ عنوان :