صدر مملکت ممنون حسین پاک زمبابوے پہلے ٹی ٹونٹی کے مہمان خصوصی ہوں گے

اعلیٰ حکومتی شخصیات ،سفارتکاروں،مختلف بورڈز کے عہدیداروں اورسابق کرکٹرز کو بھی دعوت نامے جاری عزت نہیں د ی جا سکتی تو اسٹیڈیم آنے کی دعوت بھی نہ دی جائے،سابق کرکٹرز کاصرف دو ، دو پاسز جاری کرنے پر ناراضی کا اظہار

جمعرات 21 مئی 2015 20:47

صدر مملکت ممنون حسین پاک زمبابوے پہلے ٹی ٹونٹی کے مہمان خصوصی ہوں گے

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21مئی۔2015ء ) صدر مملکت ممنون حسین پاک اورزمبابوے کے درمیان ( جمعہ ) کو کھیلے جانے والے پہلے ٹی ٹونٹی کے مہمان خصوصی ہوں گے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر مملکت ممنون حسین کی اسٹیڈیم میں موجودگی کو پیش نظر رکھ کر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ دوسری طرف پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان اور زمبابوے کے درمیان ٹی ٹونٹی اور ایک روزہ میچز کی سیریز دیکھنے کیلئے اعلیٰ حکومتی شخصیات ،سفارتکاروں،کرکٹ کھیلنے والے ممالک کے بورڈز کے عہدیداروں اور پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹرز کو بھی دعوت نامے جاری کر رکھے ہیں ۔

بتایا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے صدر مملکت ممنون حسین ، وزیر اعظم محمد نواز شریف، پاک فوج کے سربراہ ،وزرائے اعلیٰ ،مختلف ممالک کے سفارتکاروں سمیت دیگر اعلی حکومتی شخصیات ،سابق ٹیسٹ کرکٹرز اورکرکٹ کھیلنے والے ممالک کے بورڈز کے عہدیداروں کو بھی پاک زمبابوے ٹی ٹونٹی اور ایک روزہ میچز کی سیریز کے میچز دیکھنے آنے کی دعوت دی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

ایک نجی ٹی وی نے کہا ہے کہ سابق کرکٹرز نے بورڈ کی طرف سے میچز دیکھنے کے لئے صرف دو ‘ دو پاسز بھجوائے جانے پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر حکومت سابق کرکٹرز کو عزت نہیں دے سکتی تو انہیں اسٹیڈیم آنے کی بھی دعوت نہ دے ۔