حیدرآباد کے رہائشی کی بھارت میں قید بھائی کی رہائی کے لیے وزیر اعظم سے نوٹس لینے کی اپیل

جمعرات 21 مئی 2015 20:33

کراچی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21مئی۔2015ء ) حیدر آباد گل شاہ بخاری روڈ کے رہائشی محمد عابد قریشی نے کہا ہے کہ ان کے بھائی دو سال سے ایک جھوٹے مقدمے میں بھارتی جیل میں قید ہیں ۔وزیراعظم انسانی ہمدردی کے ناطے صورت حال کا نوٹس لیں اور میرے بھائی کی رہائی کے لیے فوری طور پر بھارتی حکومت سے رابطہ کرکے اقدامات کیے جائیں ۔جمعرات کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے بھائی محمد یوسف قریشی جو دل کے مریض ہیں وہ 23فروری 2013کو حیدرآباد سے براستہ مونا باؤ بھارت اپنے عزیزوں سے ملنے گئے تھے ،جہاں بھارتی حکام نے انہیں جعلی بھارتی کرنسی کے الزام میں ملوث کرکے جیل بھیج دیا ۔

ان کی صاحبزادی شمائلہ گردوں کی مریض ہے اور جبکہ اہلیہ فریدہ بیگم سمیت پورا گھرانہ شدید ذہنی اذیت کا شکار ہے ۔

(جاری ہے)

تمام انسانی حقوق کی تنظیموں سے رابطہ کرکے ان کی رہائی کے لیے کوششیں کیں جو بے سود ثابت ہوئی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ میرے بھائی پر جعلی کرنسی رکھنے کا الزام جھوٹا ہے ۔ہم محب وطن پاکستانی ہیں ۔ہم کس طرح بھارت جاکر پاکستان کی بدنامی کرسکتے ہیں ۔انہوں نے وزیراعظم نواز شریف اور سیاسی قیادت سے اپیل کی کہ اس صورت حال کا نوٹس لیا جائے اور فوری طور پر میرے بھائی کو رہائی دلائی جائے ۔اس موقع پر یوسف قریشی کی اہلیہ اور بیٹی بھی موجود تھیں ۔

متعلقہ عنوان :