سوئی ناردرن گیس کمپنی نے پارلیمنٹ ہاؤس کا ساڑھے 10لاکھ کا گیس کا بل بھجوا دیا، سپیکر نے بل مستردکردیا

انکوائری کرکے رپورٹ پیش کی جائے کہ ماہ اپریل کا گیس کا بل اتنا زیادہ کیوں آیا، یہاں کونسی دیگیں پکتی رہی ہیں، سردار ایاز صادق کا برہمی کااظہار

جمعرات 21 مئی 2015 20:10

سوئی ناردرن گیس کمپنی نے پارلیمنٹ ہاؤس کا ساڑھے 10لاکھ کا گیس کا بل بھجوا ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21مئی۔2015ء) سوئی ناردرن گیس کمپنی نے پارلیمنٹ ہاؤس کا گزشتہ ماہ کا 10لاکھ 55ہزار روپے کا گیس کا بل بھجوا دیا، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے مذکورہ بل کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انکوائری کی جائے کہ ماہ اپریل کا گیس کا بل اتنا زیادہ کیوں آیا، یہاں کونسی دیگیں پکتی رہی ہیں۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جمعرات کو انہوں نے سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے پارلیمنٹ ہاؤس کا ماہ اپریل 2015 کا بھجوایا گیا گیس کا بل ادا کرنے کیلئے چیک پر دستخط کرنے سے انکار کر دیا۔

سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پارلیمنٹ ہاؤس میں کون سی دیگیں پکتی ہیں کہ ایک ماہ کا 10لاکھ 55ہزار 240 روپے کا بل بھجوا دیا ہے۔ انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ گیس کا بل زیادہ بھجوائے جانے کی انکوائری کر کے رپورٹ انہیں پیش کی جائے۔ واضح رہے کہ سوئی ناردرن گیس کمپنی نے ایک سال کے دوران پارلیمنٹ ہاؤس کو دو کروڑ 48لاکھ 13ہزار 110روپے کے گیس کے بل بھجوائے جبکہ دوکروڑ چار لاکھ 99ہزار 779 روپے جمع کرائے گئے۔