اپیکا کی قلم چھوڑ ہڑ تال ‘ایپکا یونین کا 25 مئی سے صوبے کے تمام اضلاع میں بھوک ہڑتالی کیمپ لگانے کا اعلان

جمعرات 21 مئی 2015 19:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21مئی۔2015ء) ایپکا پنجاب کے اعلان کے مطابق صوبائی دارالحکومت کے کلرکس سرکاری دفاتر کی تالا بندی تو نہ کرسکے تاہم انہوں نے اپنے مطالبات کی حمایت میں جمعرات سے روزانہ کی بنیاد پر احتجاج کا آغاز کرتے ہوئے گزشتہ روز قلم چھوڑ ہڑتال کی۔ صوبے کے تمام اضلاع احتجاجی جلسے‘ جلوسوں اور ریلیاں منعقد کی گئیں۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں صوبائی دارالحکومت لاہور میں لاہور ڈویژن کے تمام سرکاری محکمہ جات کے ہزاروں سرکاری ملازمین نے ڈی سی او آفس جمع ہوکر ریلی نکالی اور سول سیکرٹریٹ کا گھیراؤ کیا جہاں انہوں نے اپنے مطالبات کے حق میں اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا ۔ اس موقع پر صوبائی صدر ایپکا پنجاب حاجی محمد ارشد چوہدری نے مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ 25 مئی سے صوبے کے تمام اضلاع میں ایپکا کے ارکان بھوک ہڑتالی کیمپ لگائینگے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ شروع کی گئی احتجاجی تحریک مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گی۔