شاد باغ کے افسوسناک واقعہ پر میرا دل دکھی ہے ،ایسے المناک واقعہ پر سسٹم کو خود بخود حرکت میں آنا چاہیے تھا،واقعہ کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی ہے ،کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں ذمہ داروں کے خلاف بھر پور ایکشن ہوگا،فائر بریگیڈ کے نظام کی مکمل اوور ہالنگ کی ضرور ت ہے، اسے ریسکیو1122میں ضم کرنے کا جائزہ لیا جائے، امدادی اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کے حوالے سے جنگی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں،7روز میں سفارشات پیش کی جائیں

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کا ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس سے خطاب ،وزیراعلیٰ کا جاں بحق ہونیوالے بچوں کے خاندان سے اظہار تعزیت،مرنے والے بچوں کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی

جمعرات 21 مئی 2015 19:32

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21مئی۔2015ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ شاد باغ میں آتشزدگی کے باعث 6بچوں کے جاں بحق ہونے کے افسوسناک واقعہ پر میرا دل بہت زیادہ دکھی ہے ۔ایسے المناک واقعہ پر سسٹم کو خودبخود حرکت میں آناچاہیے تھا۔آتشزدگی میں 6بچوں کے جاں بحق ہونے کے دل گیر واقعہ کی تحقیقات کیلئے اعلی سطح کی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں جس کی بھی غفلت یا کوتاہی سامنے آئی اس کے خلاف بھر پور ایکشن ہوگا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے یہ بات آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں ویڈیولنک کے ذریعے اعلی سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔جس میں شاد باغ میں آتشزدگی کے باعث 6بچوں کے جاں بحق ہونے کے افسوسناک واقعہ کے تناظر میں امدادی اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

جاں بحق ہونے والے بچوں کے تایانے بھی سول سیکرٹریٹ میں اجلاس میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شاد باغ میں ریسکیو 1122کا اسٹیشن بنایا جائے گا۔فائر بریگیڈ کے نظام کی مکمل اوور ہالنگ کی ضرورت ہے ۔فائر بریگیڈ کو ریسکیو1122میں ضم کرنے کا جائزہ لیا جائے ۔شاد باغ کے افسوسناک واقعہ کے حوالے سے ریسکیو1122کی کارکردگی پر بھی سوالیہ نشان ہے ۔

فائر بریگیڈ کے عملے کی استعداد کار میں اضافے اورتربیت پر خصوصی توجہ دی جائے ۔وزیراعلیٰ نے چیف سیکرٹری کو ہدایت کی کہ امدادی اداروں کی کارکردی بہتر بنانے کے حوالے سے جنگی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں اورامدادی اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کے حوالے سے7روز میں سفارشات پیش کی جائیں ۔وزیراعلیٰ نے اجلاس کے دوران جاں بحق ہونے والے بچوں کے خاندان سے تعزیت کا اظہار کیااوراجلاس میں جاں بحق ہونے والے بچوں کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ایم پی اے غزالی بٹ،چیف سیکرٹری،ہوم سیکرٹری،کمشنر و ڈی سی او لاہور، سی سی پی او لاہور، ریسکیو1122اورمتعلقہ محکموں کے حکام نے سول سیکرٹریٹ سے اجلاس میں شرکت کی۔