وزیراعلیٰ پنجاب کی شادباغ میں آتشزدگی سے جاں بحق ہونیوالے 6بچوں کے گھر آمد،اہل خانہ سے اظہار تعزیت

وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی جاں بحق ہونے والے بچوں کے لواحقین سے گفتگو وزیراعلیٰ پنجاب کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی تشکیل ، شاد باغ میں جاں بحق ہونیوالے بچوں کے نام پرریسکیو 1122کے قیام کی ہدایت

جمعرات 21 مئی 2015 19:32

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21مئی۔2015ء ) وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف شیر شاہ روڈ شادباغ میں گھر میں آتشزدگی کے واقعہ میں جاں بحق ہونے والے 6بچوں کے گھر گئے اور افسوسناک واقعہ پراہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیااور جاں بحق ہونے والے بچوں کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔وزیراعلیٰ شہباز شریف نے اس موقع پر جاں بحق ہونے والے بچوں کے والد سید قیصر شاہ اور لواحقین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اس افسوسناک واقعہ پر دلی دکھ ہوا ہے۔

افسوسناک واقعہ کو گزرے 4روز ہوچکے ہیں لیکن میں ٹھیک سے سو نہیں سکا،اس انسانی المیہ پر ہر آنکھ اشکبار ہے ۔ میرے لئے ممکن نہیں کے میں اس افسوسناک واقعہ پراپنے جذبات کا الفاظ میں اظہار کرسکوں۔انہوں نے کہا کہ آپ کی دنیااجڑ گئی،آپ کو جو دکھ پہنچا ہے اس کا کوئی دوسرا اندازہ نہیں کرسکتا۔

(جاری ہے)

آپ کے بچے تو واپس نہیں لاسکتا لیکن غفلت کے ذمہ دارسزا سے نہیں بچ پائیں گے اورتحقیقات کی روشنی میں غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

وزیراعلیٰ نے ڈی سی او لاہور سے استفسار کیا کہ فائر بریگیڈ کی گاڑی سے بروقت پانی کے ذریعے کیوں آگ نہیں بجھائی جاسکی اورآپ کا نظام کدھر تھا۔کیا یہ عوام کی خدمت اور گورننس کا نام ہے کہ 6بچوں کی جانیں چلی گئیں اورامدادی محکمے اورادارے اپنی ذمہ داریاں ادا نہ کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ کی میں خود انکوائری کراؤں گا اورغفلت کے ذمہ داروں کے خلاف بھر پور ایکشن ہوگا۔

وزیراعلیٰ نے سوگوار اہل خانہ سے تعزیت کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس افسوسناک واقعہ کی انکوائری کا حکم دے دیاگیا ہے اورتحقیقات کے لئے چیئرمین وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو تمام حقائق سامنے لائے گی۔فائر بریگیڈ یا ریسکیو 1122کی گاڑیاں تاخیر سے پہنچنے کی مکمل تحقیقات ہوں گی اور ذمہ داران کیخلاف ایکشن ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ شاد باغ میں جاں بحق ہونے والے بچوں کے نام پر ریسکیو 1122کے سٹیشن کا قیام فوری عمل میں لایاجائے ۔اس موقع پر ایم این اے پرویز ملک ،ایم پی اے غزالی بٹ،کمشنر لاہور ڈویژن،ڈی سی او لاہوراور متعلقہ حکام بھی موجود تھے ۔