پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی بہتر مینجمنٹ یقینی بنانے کیلئے جدید بنیادوں پر تبدیلیاں لائے‘گورنر خیبر پختونخوا

جمعرات 21 مئی 2015 19:22

پشاور۔21 مئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21مئی۔2015ء )گورنرخیبرپختونخوا سردار مہتاب احمدخان نے خیبرپختونخوا پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایسا طریقہ کاروضع کریں جس کے ذریعے سرکاری اداروں میں شفافیت ، اعلی معیار اور جواب دہی کا عمل یقینی ہو۔ انہوں نے کہاکہ ادارے میں شفافیت، احتساب اور بہتر مینجمنٹ یقینی بنانے کیلئے جدید بنیادوں پر تبدیلیاں لائی جائیں۔

انہوں نے فاٹا سیکرٹریٹ کے حکام کو بھی تاکید کی کہ فاٹا افسران کو کے پی پی پی آراے کے ذریعے تربیت دی جائے تاکہ وہ بھی ان کے تجربے سے مستفیدہوسکے۔وہ جمعرات کے روزگورنرہاؤس پشاور میں خیبرپختونخوا پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے حکام کی جانب سے دی جانیوالی بریفنگ میں اظہارخیال کررہے تھے۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹامحمداسلم کمبوہ، خیبرپختونخوا پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (کے پی پی پی آراے) کے منیجنگ ڈائریکٹرسیدمحمدجاوید، پرنسپل سیکرٹری برائے گورنر اوردیگر متعلقہ حکام اجلاس میں موجودتھے۔

اجلاس میں ایم ڈی کی جانب سے ادارے کے قیام کے مقصد، اصول اور طریقہ کار کے حوالے سے ایک تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ انہوں نے کہاکہ ادارے کا مقصد ایک ایسے خودمختارادارے کاقیام تھا جو صوبائی محکمہ جات اور اداروں کو پروکیورمنٹ کیلئے قانونی فریم ورک مہیاکرنے کے قابل ہو۔ اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے گورنر نے اس سلسلے میں سنگاپور ، ملائشیاء اورترکی میں پبلک پروکیورمنٹ کے رائج نظام کاجائزہ لینے اور اس کے تناظر میں یہاں بہتری لانے کیلئے قوانین پرنظرثانی کی بھی ہدایت کی اور زوردیا کہ شفاف احتساب کے ذریعے اداروں کی کارکردگی بہتربنانے کیلئے خیبرپختونخوا پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی واچ ڈاگ کاحقیقی کردار ادا کریں۔