محکمہ ایکسائز کی منشیات کے خلاف کارروائیاں نتیجہ خیز ثابت ہو رہی ہیں۔ صوبائی وزیر گیان چند اسرانی

جمعرات 21 مئی 2015 19:20

کراچی ۔ 21 مئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21مئی۔2015ء) صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن گیان چند اسرانی کی خصوصی ہدایت پر منشیات کے خلاف مہم جاری ہے۔ ڈائریکٹر ایکسائز کراچی کنور عامر جمیل نے شہر میں مختلف چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دی ہیں جس کی سربراہی ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن محمد شعیب احمد صدیقی کررہے ہیں۔ محکمہ ایکسائز نے کراچی میں شاہراہ فیصل پر ایئرپورٹ کے قریب ایک کار پر چھاپہ مارا جس میں نہایت خطرناک قسم کی منشیات جو کہ میتھم فیٹا مائن اور ایفیڈرین سے کشید کی جاتی ہے 110 گرام کی مقدار میں ضبط کر لی ہے۔

یہ سینتھٹک ڈرگس میں شمار ہوتی ہے اور بیرون ممالک میں آئس کے نام سے مشہور ہے، ایکسائز پولیس کے عملے نے ایک شخص ظہور احمد ولد سید فتح محمد کو گرفتار کرکے نارکو ٹکس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ ایکسائز کی دوسری چھاپہ مار ٹیم نے کلفٹن میں قائم ریسٹورنٹ پر چھاپہ مار کر 1200 غیر ملکی شراب کی بوتلیں اور 50 غیر ملکی بیئر کے کارٹن ضبط کرکے مقدمہ درج کر لیا ہے اور ریسٹورنٹ کو بھی سیل کر دیا ہے۔

ریسٹورنٹ کے منتظم عبدالحئی ولد محمد نوشاد کو گرفتار کرکے مزید تفتیش کی جارہی ہے ۔ واضح رہے کہ مذکورہ ریسٹورنٹ میں بااثر شخصیات کا بھی آنا جانا تھا۔ محکمہ ایکسائز ضلع وسطی کے ای ٹی او داؤد کلاچی نے نئی کراچی کے قریب ایک کار پر چھاپہ مارا اور کار کی ڈگی سے 150 لیٹر ریکٹیفائڈ اسپرٹ برآمد کر لی جو کچی شراب بنانے میں کام آتی ہے، کار ڈرائیور محمد ہارون ولد محمد شریف کو گرفتار کرکے نارکوٹکس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔

صوبائی وزیر نے محکمہ ایکسائز کے افسران و عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی کارروائیاں صوبہ کو منشیات سے پاک کرنے کے عمل میں خوش آئند ہیں اور آئندہ بھی محکمہ کے افسران و عملہ اسی طرح محترک رہ کر اپنے فرائض جانفشانی سے ادا کریں گے۔

متعلقہ عنوان :